سنسنی خیز برفانی دور کے نقوش والی چٹانوں کی دریافت
ماہرین آثار قدیمہ نے کولمبیا کے ایک دور دراز کے علاقے میں ایسی چٹانیں دیافت کی ہیں، جن پر قبل از تاریخ کے انسانوں اور جانوروں کی تصاویر نقش ہیں۔ ان میں سے کئی جانور اب صفحہ ہستی پر موجود ہی نہیں ہیں۔
ماہرین آثار قدیمہ کے مطابق یہ پتھریلی پینٹنگز اپنی ذات کے اندر ایک بہت بڑا عجوبہ ہیں۔ جیومیٹری شکل کی یہ چٹانیں تقریبا بارہ کلومیٹر تک پھیلی ہوئی ہیں اور ان پر کئی ہزار تصاویر کنندہ ہیں۔
یہ تصاویر جانوروں، انسانوں، مچھلیوں، کچھوؤں، چھپکلیوں، پرندوں اور ایسے لوگوں کی ہیں، جنہوں نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے ہوئے ہیں اور محو رقص ہیں۔
ان تصاویر میں کچھ جانور ایسے ہیں، جو کہ اب اس دنیا سے ختم ہو چکے ہیں۔ ان میں دیو قامت تنبل، برفانی دور کے گھوڑے اور حَجری دور کے اونٹ کی طرح کے جانور شامل ہیں۔
ان میں ایک تصویر ماستودون کی بھی ہے۔ یہ جانور ہاتھیوں کے خاندان سے تعلق رکھتا ہے اور جنوبی امریکا میں بارہ ہزار سال پہلے ختم ہو گیا تھا۔
ان تصاویر کو دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ راک آرٹ بارہ ہزار پانچ سو برس پہلے بھی موجود تھی۔ ماہرین آثار قدیمہ کو وہاں سے ایسے پتھروں کے ٹکڑے بھی ملے ہیں، جن کو پیس کر رنگ بنایا جاتا تھا۔
ایک برٹش کولمبین ٹیم نے ان حیران کن چٹانوں کو سن دو ہزار سترہ میں دریافت کیا تھا لیکن انہیں برطانوی چینل فور کی ڈاکومیٹری کے لیے خفیہ رکھا گیا تھا۔ یہ ڈاکومینٹری دسمبر میں نشر کی گئی ہے اور اس کا نام ’’جنگل میسٹری: لاسٹ کنگڈومز آف دا ایمازون‘‘ رکھا گیا ہے۔
اصل میں یہ چٹانیں سیرنیا ڈے لا لنڈوسا پہاڑی سلسلے کے بالکل وسط میں اس جگہ واقع ہیں، جہاں گھنا جنگل پھیلا ہوا ہے۔ یہ علاقہ دارالحکومت بگوٹا سے تقریبا چار سو کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔ اگر سیٹلائٹ تصاویر سے دیکھا جائے تو پہاڑی سلسلے میں واقع یہ علاقہ سرسبز نظر آتا ہے اور ایمیزون برساتی جنگل میں گِھرا ہوا ہے۔
اس جنگلاتی اور پہاڑی مقام تک پہنچنا بہت ہی مشکل ہے۔ دوسرا چند برس پہلے تک یہ فارک باغیوں کے کنٹرول میں تھا، جس کی وجہ سے ماہرین آثار قدیمہ کی یہاں تک رسائی ناممکن تھی۔ فارک باغیوں کا چند برس پہلے بگوٹا حکومت کے ساتھ امن معاہدہ ہو چکا ہے اور اس طرح پچاس سالہ خانہ جنگی کا خاتمہ ممکن ہو سکا تھا۔
ان چٹانوں پر انسانوں کے علاوہ ہرنوں، سانپوں، پرندوں، بندروں اور کیڑے مکوڑوں کی بھی تصاویر ہیں۔ ماہرہن کے مطابق اس دریافت سے ایمیزون علاقے میں برفانی دور کے انسان کی زندگی کا بہتر تجزیہ کیا جا سکے گا۔
ان تصاویر سے نہ صرف اس وقت کے جانوروں اور پودوں کی معلومات ملے گی بلکہ برفانی دور کے انسان کے رہن سہن اور رسم و رواج کا بھی پتا چل سکے گا۔