سوئٹزرلینڈ میں دنیا کی طویل ترین سرنگ
سوئٹزرلینڈ میں یکم جون کو دنیا کی طویل ترین سرنگ کا افتتاح ہو رہا ہے۔ ایلپس کے پہاڑوں کو کاٹ کر بنائی گئی ستاون کلومیٹر طویل یہ سرنگ ایرسٹ فیلڈ اور بوڈیو نامی خوبصورت دیہات کو آپس میں ملائے گی۔
ایک عظیم منصوبہ
گوٹفریڈ بیسک ٹنل (GBT) سرنگ 17 برسوں میں مکمل ہوئی۔ اس دوران بڑی بڑی بورنگ مشینوں کی مدد سے سوئٹزرلینڈ کے سلسلہٴ کوہ ایلپس میں سے تقریباً 28 ملین ٹن چٹانی مادے نکال کر سرنگ کھودی گئی۔ پھریہ مادے اس سرنگ کو مضبوط بنانے کے لیے استعمال کیے گئے۔ یکم جون سے اس سرنگ میں سے ٹرینوں کے آزمائشی سفر تو شروع ہو جائیں گے تاہم اس طرح کے تین ہزار سفر مکمل ہونے سے پہلے اسے معمول کے سفر کے لیے نہیں کھولا جائے گا۔
زیادہ ہموار اور آسان سفر
گوٹفریڈ نامی پرانی سرنگ میں سے دن میں ایک سو اَسّی ٹرینیں گزرا کرتی تھیں تاہم اس نئی سرنگ میں سے روزانہ دو سو ساٹھ مال بردار ریل گاڑیاں گزر سکیں گی۔ وجہ یہ ہے کہ نئی سرنگ زیادہ ہموار ہے اور بھاری ٹرینوں کو لے جانے کے لیے کم انجنوں کی ضرورت پڑے گی۔ آئندہ یہ ٹرینیں زیادہ رفتار کے ساتھ بھی سفر کر سکیں گی۔
مثالی منصوبے کا وقت سے پہلے اختتام
یہ منصوبہ مقررہ وقت سے ایک سال پہلے ہی اور طے کردہ بجٹ میں معمولی اضافے کے ساتھ ہی مکمل ہو گیا ہے۔ اس کی تعمیر میں انجینئروں، ماہرینِ ارضیات اور کنٹریکٹرز سمیت کوئی دو ہزار چھ سو افراد نے حصہ لیا، جن کے کام کے اوقات چار ملین گھنٹے بنتے ہیں۔
ایک نیا ریکارڈ
اس سرنگ کے ذریعے سوئٹزرلینڈ نے جاپان کا طویل ترین سرنگ کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ جاپان کی سائیکان نامی سرنگ کا افتتاح 1988ء میں ہوا تھا، جس کی تعمیر کے احکامات ایک ہولناک طوفان کے دوران پانچ مسافر بردار کشتیوں کے غرق ہونے کے بعد جاری کیے گئے تھے۔ تب آبنائے سُوگارُو کو محفوظ طریقے سے پار کرنے کے لیے ایک ایسے علاقے میں 53.9 کلومیٹر طویل سرنگ بنائی گئی تھی، جہاں اکثر زلزلوں کا خدشہ رہتا ہے۔
یورو ٹنل سے بھی سات کلومیٹر لمبی
فرانس اور انگلینڈ کے درمیان 50.5 کلومیٹر طویل سرنگ ’یورو ٹنل‘ کا 37.9 کلومیٹر کا حصہ سمندر کے نیچے بنایا گیا ہے اور یہ اس اعتبار سے دنیا کی طویل ترین سرنگ ہے۔ سوئٹزرلینڈ میں یکم جون کو جس گوٹفریڈ سرنگ کا افتتاح ہو رہا ہے، وہ ایک تعمیراتی معجزہ قرار دی جانے والی یورو ٹنل سے لمبائی میں سات کلومیٹر زیادہ ہے۔
گوٹفریڈ طویل ترین لیکن کب تک؟
گوٹفریڈ بیسک ٹنل اپنے دنیا کی طویل ترین سرنگ ہونے کے ریکارڈ سے سن 2026ء میں محروم بھی ہو سکتی ہے۔ تب تک BBT یعنی برینر بیسک ٹنل نامی سرنگ کے مکمل ہو جانے کا امکان ہے۔ آسٹریا اور اٹلی کے درمیان تعمیر کی جانے والی برینر سرنگ 64 کلومیٹر لمبی ہو گی۔
سرنگیں بنانا آسان نہیں
سوئٹزرلینڈ کی گوٹفریڈ سرنگ کی تعمیر بہت سے جرمن انجینئرز کی شرکت کے ساتھ وقت سے پہلے اور مقررہ بجٹ میں معمولی سے اضافے کے ساتھ مکمل ہو گئی۔ خود جرمنی میں معاملہ اس کے برعکس ہے، جس کی ایک مثال برلن میں شوئنے فَیلڈ کا نیا ایئرپورٹ ہے، جسے دراصل اب سے ساڑھے چار سال پہلے ہی مکمل ہو جانا چاہیے تھا۔ اس تصویر میں اس ایئر پورٹ کو جانے والی زیرِ زمین ریلوے سرنگ پر بدستور جاری تعمیراتی کام دیکھا جا سکتا ہے۔