سوئٹزرلینڈ میں غیر ملکیوں کے لیے شہریت کے حصول میں نرمی
12 فروری 2017سوئس نشریاتی ادارے ایس آر ایف کی اتوار بارہ فروری کی شام کی نشریات کا حوالہ دیتے ہوئے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس نے لکھا ہے کہ آج ہوئے قومی عوامی ریفرنڈم میں 60.4 فیصد سوئس رائے دہندگان نے اس امر کی حمایت کر دی کہ اس یورپی ملک میں مقیم غیر ملکیوں کی تیسری نسل کے لیے مقامی شہریت کا حصول بہت آسان بنا دیا جانا چاہیے۔
اس طرح سوئٹزرلینڈ میں مقیم ایسے تارکین وطن کے لیے سوئس شہریت کا حصول بہت آسان بنا دینے کی منظوری دے دی گئی ہے، جن کی عمریں پچیس برس سے کم ہوں اور جن کے والدین اور والدین کے والدین بھی برسوں تک اس ملک میں قانونی طور پر رہائش پذیر رہے ہوں۔
یوں تارکین وطن کے گھرانوں سے تعلق رکھنے والے ایسے افراد کے لیے شہریت کی درخواست دینے کا طریقہء کار بھی بہت آسان بنا دیا جائے گا۔ اب یہ عمل قانونی طور پر اتنا ہی تیز رفتار اور آسان ہو جائے گا، جتنا ان غیر ملکیوں کو سوئس شہریت دینے کا عمل، جنہوں نے سوئس شہریوں سے شادی کے بعد ایلپس کے پہاڑی سلسلے میں واقع اس ملک میں رہائش اختیار کی ہو۔
سوئس نشریاتی ادارے ایس آر ایف نے بتایا کہ اس ریفرنڈم میں کیے جانے والے عوامی فیصلے کے بعد اب سوئٹزرلینڈ میں یہ ممکن ہو جائے گا کہ جو نوجوان غیر ملکی تارکین وطن کی تیسری نسل کے طور پر اس ملک میں مقیم ہیں، انہیں تیز رفتاری سے سوئس شہریت دیتے ہوئے مقامی معاشرے کا حصہ بننے میں مدد دی جائے۔
شہریت کے قوانین میں ترمیم کا فائدہ
نیوز ایجنسی اے پی نے لکھا ہے کہ غیر ملکی تارکین وطن کی جس تیسری نسل کے لیے سوئس شہریت کا حصول بہت آسان بنا دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وہ دیکھا جائے تو بظاہر صرف قریب 25 ہزار افراد کو متاثر کرے گا تاہم اگر غور کیا جائے تو اس کا سوئٹزرلینڈ کی مجموعی طور پر صرف 8.2 ملین کی آبادی پر اثر بہت دور رس اور گہرا ہو گا۔
اس لیے کہ پورے یورپ میں سوئٹزرلینڈ کو اس حوالے سے بہت منفرد مقام حاصل ہے کہ اس کی مجموعی آبادی کا قریب ایک چوتھائی حصہ ایسے افراد پر مشتمل ہے، جو اس ملک میں پیدا نہیں ہوئے تھے۔ کسی دوسرے یورپی ملک میں یہ شرح اتنی زیادہ نہیں ہے۔
ٹیکس اصلاحات مسترد
سوئٹزرلینڈ میں اتوار کے روز ہونے والے اسی ریفرنڈم میں سوئس باشندوں کی اکثریت نے ایک ایسی قانونی تجویز مسترد کر دی، جس کا مقصد ایک قدرے پیچیدہ طریقہء کار کے تحت ملکی ٹیکس سسٹم میں اصلاحات لانا تھا۔
مجوزہ مالیاتی اور ٹیکس اصلاحات پر اپنی رائے دیتے ہوئے 59.1 فیصد سوئس ووٹروں نے اس مجوزہ نظام کی مخالفت کی، جس کے تحت ’دوہرے ٹریک والا‘ وہ ملکی ٹیکس سسٹم بدل دیا جانا تھا، جو غیر ملکی سرمایہ کاری کو پرکشش بناتے ہوئے غیر ملکی فرموں کو ٹیکسوں کی کم شرح کے ساتھ سوئٹزرلینڈ میں اپنے کاروبار شروع کرنے کی دعوت دیتا ہے۔