'سوڈان دھماکا‘ بھارتی مزدوروں کی ہلاکت پر مودی کااظہار افسوس
5 دسمبر 2019خرطوم کی سیلاسیرامک فیکٹری میں منگل کو ہوئے دھماکے میں کم از کم 23 افراد ہلاک اور 130سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ اس واقعے میں اس فیکٹری میں کام کرنے والے تقریباً پچاس بھارتی مزدوروں میں سے اٹھارہ ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہوئے۔خرطوم میں بھارتی سفارت خانے نے ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اس حادثہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایک ٹوئیٹ میں کہا،”سوڈان کی سیرامک فیکٹری میں دھماکے سے میں غمزدہ ہوں، جہاں کئی بھارتی مزدوروں کو اپنی جان گنوانی پڑی ہے اور کئی دیگر زخمی ہیں۔ مصیبت کی اس گھڑی میں میں متاثرہ کنبوں کے ساتھ ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔ ہمارا سفارت خانہ متاثرین کو تمام ممکنہ مدد فراہم کررہا ہے۔"
اس سے قبل بھارت کی جنوبی ریاست تمل ناڈو کے وزیر اعلی ای کے پلانی سوامی نے وزیر اعظم مودی کو ایک خط لکھ کر متاثرین کی فوری مدد کی درخواست کی تھی۔ اس حادثے میں تمل ناڈو کے تین شہری لاپتہ بتائے جاتے ہیں جب کہ بھارتی صوبہ بہار کے چار مزدوروں کی موت کی تصدیق ہوچکی ہے۔پلانی سوامی نے اپنے خط میں لکھا ”میں آپ سے لاپتہ لوگوں کی تلاش اور شناخت کے ساتھ ساتھ زخمیوں کو علاج کی بہتر سہولیات فراہم کرانے کے لیے ذاتی طور پر مداخلت کرنے کی درخواست کرتا ہوں۔"
اس دوران بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بتایا کہ سوڈان میں بھارتی سفارت خانے کے اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ چکے ہیں۔ ایک ایمرجنسی ہاٹ لائن شروع کردی گئی ہے۔ سفارت خانہ سوشل میڈیا کے ذریعہ تازہ ترین معلومات فراہم کررہا ہے۔ اس سے قبل انہوں نے اٹھارہ بھارتی مزدوروں کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق دھماکے اس وقت ہوا جب ایک ٹینکر سے ایندھن منتقل کیا جارہا تھا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ فیکٹری کے احاطے میں کھڑی کئی کاروں میں آگ لگ گئی اور آسمان میں دھوئیں کے کالے بادل چھا گئے۔ ابتدائی رپورٹوں کے مطابق کارخانے میں خاطر خواہ حفاظتی نتظامات نہیں تھے۔
سوڈانی حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کرنے کے احکامات دے دیے ہیں۔
ج ا / ع ا ( اے ایف پی/ ایجنسیاں)