1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سپاٹ فکسنگ سکینڈل: تینوں پاکستانی کرکٹر معطل

3 ستمبر 2010

انگلینڈ کے دورے پر گئی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تین کھلاڑیوں محمد عامر، محمد آصف اور سلمان بٹ کو کرکٹ کے نگران عالمی ادارے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ICC نے کرکٹ کھیلنے سے فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/P30z
معطل ہونے والے کرکٹر سلمان بٹتصویر: AP

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ ان تینوں پاکستانی کھلاڑیوں کو کھیل کے اصول و ضوابط کے منافی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی بنیاد پر معطل کیا گیا ہے۔ ان کھلاڑیوں میں ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ، محمد عامر اور محمد آصف شامل ہیں۔ کونسل کے مطابق ان پر اینٹی کرپشن قواعد کے تحت مختلف الزامات سے متعلق فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ ان کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے باقاعدہ چارجز کے حوالے سے مطلع بھی کر دیا گیا ہے۔

اس بیان کے مطابق سردست ان کھلاڑیوں کو عارضی طور پر لیکن ہر قسم اور ہر سطح کی کرکٹ میں شرکت سے معطل کیا گیا ہے تاہم حتمی فیصلہ اگلے دنوں میں سامنے آئے گا، جب تمام شواہد کرکٹ کے کھیل میں میچ فکسنگ کے انسداد کے لئے بنائی گئی کمیٹی کو فراہم کر دئے جائیں گے۔

ان تینوں پاکستانی کھلاڑیوں نے خود کو معصوم اور بے گناہ قرار دیتے ہوئے اس معطلی کے خلاف احتجاج کیا ہے۔ اس مناسبت سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ یہ کھلاڑی اپنی عارضی معطلی کے خلاف اپیل کا حق رکھتے ہیں۔ وہ آئندہ دو ہفتوں کے دوران اپیل کر کے اینٹی کرپشن ٹریبیونل کے سامنے اپنا دفاع کر سکتے ہیں۔

Pakistan Cricket Manipulation Mohammad Asif
معطل ہونے والے ایک اور کرکٹر محمد آصفتصویر: AP

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ہارون لوگارٹ نے بھی اپنے ایک تازہ بیان میں کہا ہے کہ کرکٹ میں کرپشن کو کسی بھی طور برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس کا مکمل سدباب کرنے کے لئے اس عالمی ادارے کو چوکس رہنا ہو گا۔

انگلینڈ کے دورے پر گئی پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سٹے بازی کے سکینڈل کا سامنا ہے۔ اس میں کامران اکمل کا نام بھی لیا جا رہا تھا لیکن ابھی ابتدائی تحقیقاتی کارروائی کے دوران ان کے حوالے سے تفتیش کاروں کو کوئی مواد دستیاب نہیں ہوا۔ کامران اکمل پر گزشتہ سال سڈنی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کی شکست کے بعد سے انگلیاں اٹھائی جا رہی ہیں۔ انگلینڈ میں سامنے آنے والے سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں ان چار کھلاڑیوں کے علاوہ عمرامین اور وہاب ریاض کے ساتھ ساتھ ایک اور کھلاڑی کا نام بھی لیا جا رہا ہے۔

انگلینڈ کے خلاف محدود اوورز کے میچوں کی سیریز کے لئے منتخب ٹیم سے بھی ان تینوں کھلاڑیوں کو فارغ کر دیا گیا ہے۔ اس اعلان کا انگلش کرکٹ بورڈ کے سربراہ جائلز کلارک نے خیر مقدم کیا ہے۔ جائلز کلارک نے چوتھے ٹیسٹ کے بعد سپا‌ٹ فکسنگ سکینڈل کے سامنے آنے کے بعد انعامات کی تقریب میں محمد عامر سے مصافحہ کرنے سے بھی گریز کیا تھا۔

اس سکینڈل کے حوالے سے برطانوی پولیس ابھی اپنی تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے اور حکام کو یقین ہے کہ اس سلسلے میں دستیاب ہونے والی ویڈیو مصدقہ ہے۔ محمد عامر، سلمان بٹ اور محمد آصف کے موبائل فون پولیس پہلے ہی ضبط کر چکی ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں