1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سکیورٹی خطرات: نیوزی لینڈ نے پاکستان کا دورہ منسوخ کر دیا

17 ستمبر 2021

نیوزی لینڈ کی حکومت نے راولپنڈی میں موجود کیوی کھلاڑیوں کو ہدایات جاری کی تھیں کہ سکیورٹی خطرات کے باعث وہ ہوٹل سے نہ نکلیں۔

https://p.dw.com/p/40S6k
ICC Cricket World Cup 2019 Neuseeland - Pakistan
تصویر: Getty Images/A. Davidson

پاکستان میں موجود نیوزی لینڈ کی ٹیم نے محدود اوورز کے اپنے دورے کو منسوخ کر دیا ہے۔ پی سی بی کو بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی الرٹ ملنے پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستان میں موجود نیوزی لینڈ کی قومی کرکٹ ٹیم کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی خطرات کی وجہ سے دورہ پاکستان منسوخ کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نیوزی لینڈ کے آفیشلز نے مطلع کیا ہے کہ وہ 'یکطرفہ طور پر یہ دورہ ملتوی‘ کر رہے ہیں۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان میں

اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سکیورٹی تحفظات کی وجہ سے نیوزی لینڈ کی قومی کرکٹ ٹیم پاکستان میں کسی میچ میں حصہ نہیں لے گی۔ یہ سیریز آج جمعے کے روز سے راولپنڈی میں شروع ہونا تھی۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ نے ایک بیان میں کہا، ''میں سمجھتا ہوں کہ یہ پیشرفت پی سی بی کے لیے ایک دھچکا ہو گی، جو ایک شاندار میزبان ہے۔ تاہم کھلاڑیوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔‘‘

پاکستان کرکٹ بورڈ کی ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستانی وزیر اعظم نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے انہیں مطلع کیا کہ مہمان ٹیم کو پاکستان میں کسی سکیورٹی خطرے کی کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔

پاکستان اور افغانستان کی سیریز ملتوی

پی سی بی کے مطابق پاکستان یہ دورہ ممکن بنانا چاہتی تھی لیکن یہ نہ ہو سکا، جس سے نہ صرف پاکستانی بلکہ بین الاقوامی شائقین بھی مایوس ہوں گے۔

سکیورٹی ٹیم کے ایک رکن نے اپنا نام مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا ہے کہ نیوزی لینڈ کی حکومت نے راولپنڈٰی میں موجود کیوی کھلاڑیوں کو ہدایات جاری کی تھیں کہ سکیورٹی خطرات کے باعث وہ ہوٹل سے نہ نکلیں۔

اس دورے میں نیوزی لینڈ نے پاکستان میں تین ایک روزہ میچ اور پانچ ون ڈے کھیلنا تھے۔ یہ میچ راولپنڈی اور لاھور میں منعقد کیا جانا تھے۔ ابھی تک واضح نہیں کہ آیا اس سیریز کو دوبارہ شیڈول کیا جائے گا۔

ع ب / ش ح (خبر رساں ادارے)