سینکڑوں روہنگیا باشندے انڈونیشی جزیرے پر پہنچ گئے
7 ستمبر 2020مقامی باشندوں کے مطابق روہنگیا مسلمانوں کا یہ گروپ ایک کشتی کے ذریعے یوننگ بلانگ کے ساحل پر پہنچا۔ اس علاقے کے 'سب گروپ ملٹری کمانڈر‘رونی ماہندرا کے مطابق یہ روہنگیا باشندے صوبے آچے کے شہر سماٹرا کے ڈسٹرکٹ بندا ساکتی پہنچ کر تین گروپوں میں تقسیم ہو گئے۔ رونی ماہندرا نے کہا،''ہم ان تک رسائی کی کوشش کرتے رہے اور اس کے لیے ہم نے مقامی باشندوں کی مدد بھی حاصل کی۔ اُن سے کہا کہ وہ ان تین سو کے قریب روہنگیا باشندوں کو اکٹھا کرنے میں ہمارے ساتھ تعاون کریں۔‘‘
اطلاعات کے مطابق مقامی پولیس، فوج اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے والے رضاکاروں نے مل کر 181 خواتین، 100 مردوں اور 14 روہنگیا بچوں کو پناہ دینے کا بندوبست کیا۔
رواں سال جون میں انڈونیشی ماہی گیروں کو 94 بھوکے اور ناتواں روہنگیا باشندوں کو انڈونیشیا کے مغربی صوبے آچے کے ساحلی علاقے میں ملے تھے۔ یہ بے یار و مددگار روہنگیا دراصل لکڑی کی ایک کشتی پر سوار ہو کر یہاں تک پہنچے تھے۔ روہنگیا مسلمانوں کے اس گروپ کی انڈونیشی ساحل تک رسائی روہنگیا باشندوں کی اُس جدوجہد کا ایک حصہ ہے جو انہوں نے ایک عرصے سے جاری رکھی ہوئی ہے۔ بُودھ مت کے ماننے والوں کی اکثریت پر مشتمل ملک میانمار جسے ماضی میں برما کہا جاتا تھا، میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف ملٹری کریک ڈاؤن کے بعد سے لاکھوں کی تعداد میں روہنگیا باشندے پناہ کی تلاش میں پڑوسی ملک بنگلہ دیش کی طرف نقل مکانی پر مجبور ہوئے جہاں کے مہاجر کیمپوں کی حالت نا گفتہ بہ ہے اور ان گنجان آبادی والے کیمپوں میں روہنگیا مسلمان کسمپرسی کی حالت میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔
انسانی حقوق کے لیے سرگرم عناصر اور تنظیموں نے یہ خدشات ظاہر کیے ہیں کہ بہت بڑی تعداد میں سمندروں کا رُخ کرنے والے روہنگیا مسلمانوں کو ایک طرف میانمار میں اپنے ساتھ ہونے والے ظلم و ستم، ایذا رسانی اور تعاقب کا سامنا ہے تو دوسری جانب جان بچا کر اور فرار ہو کر بنگلہ دیش پہنچنے پر انہیں جن مہاجر کیمپوں میں رکھا جا رہا ہے اُن کی صورتحال ناقابل بیان ہے۔ ان کیمپوں میں روہنگیا باشندوں کو صعوبتیں اُٹھانا پڑ رہی ہیں۔ ان حالات میں انسانوں کی اسمگلننگ کرنے والے ان نہتے انسانوں کو محفوظ اور بہتر زندگی اور مستقبل کا سبز باغ دکھا کر انہیں بیرون ملک پہنچانے کا وعدہ کر کے پیسے کما رہے ہیں۔ مگر ماہرین کے مطابق روہنگیا باشندوں کا مستقبل مزید تاریک نظر آ رہا ہے۔
ک م / اا/ اے پی ای