1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شارجہ ٹیسٹ میچ: یونس خان کی شاندار سینچری

5 نومبر 2011

پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریزکا تیسرا ٹیسٹ میچ شارجہ میں کھیلا جا رہا ہے۔ پاکستان نے تیسرے روز کے اختتام پر چھ وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنا لیے ہیں۔

https://p.dw.com/p/135Ap
تصویر: AP

شارجہ کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن جب کھیل ختم ہوا تو مصباح الحق 50 اور عبد الرحمان تین کے انفرادی اسکور کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ تجربہ کار بلے باز یونس خان نے پاکستانی بیٹنگ لائن کو اہم سہارا فراہم کیا۔ انہوں نے تیسری وکٹ کے لیے اظہر علی کے ہمراہ سینچری شراکت قائم کی۔ یونس خان 122 اور اظہر علی 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل گزشتہ روز پہلی اننگز میں سری لنکا کی ساری ٹیم 413 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، اس طرح اب بھی سری لنکن ٹیم کو پاکستان پر 131 رنز کی برتری حاصل ہے۔ پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بالر سعید اجمل رہے اور انہیں چار وکٹیں حاصل ہوئیں۔ عمر گل دوسرے کامیاب بالر تھے، وہ تین کھلاڑی آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔

تجزیہ کاروں کے خیال میں میچ کے دوسرے دن پچ پر گیند نے ٹرن لینا شروع کر دیا ہے۔ یہ ٹرننگ پچ میچ کی آخری اننگز میں پاکستان کے لیے پریشانی کا سبب بن سکتی ہے۔ پاکستانی کرکٹرز کی فیلڈنگ بدستور غیر معیاری رہی۔

میچ کے دوسرے دن سری لنکن ٹیم کے سابق کپتان کمار سنگا کارا کی اننگ 144 کے اسکور پر ختم ہوئی۔ ان کو سعید اجمل نے آؤٹ کیا۔ ان کا کیچ یونس خان نے پکڑا۔ یونس خان نے اس ٹیسٹ میچ میں سلپ کی پوزیشن پر فیلڈنگ کرتے ہوئے تین کیچ پکڑے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز میں تجربہ کار مہیلا جے وردھنے کا آؤٹ آف فارم ہونا انتہائی اہم خیال کیا جا رہا ہے۔ مہیلا جے وردھنے اب 124 ٹیسٹ میچوں میں نو ہزار 895 رنز بنا چکے ہیں۔

Flash-Galerie Sri Lanka Cricket Kumar Sangakkara
سنگا کاراتصویر: AP

سری لنکن ٹیم تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن ایک بڑا اسکور کھڑا کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ میچ کے دوسرے دن پاکستانی ٹیم کی جانب سے پہلی اننگز میں بہتر افتتاحی شراکت قائم نہیں ہوسکی۔ محمد حفیظ صرف چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سری لنکن اسپنر ہیراتھ نےتوفیق عمر کو آؤٹ کر کے باقی پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی تھی۔ پہلے روز پاکستانی ٹیم کا اسکور 35 تھا اور اس کی دو وکٹیں گر چکی تھیں۔

اگر پاکستانی ٹیم بھی پہلی اننگز میں برتری لینے میں کامیابی حاصل کر لیتی ہے تو اس میچ کے ڈرا ہونے کا امکان بڑھ جائے گا۔

رپورٹ: عابد حسین/ شادی خان سیف

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں