1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سعودی عرب کی شام میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کی کوشش

12 جنوری 2025

مشرق وسطیٰ اور یورپ کے اعلیٰ سفارت کار شام کے ساتھ حمایت و تعاون کے موضوع پر بات چیت کے لیے اتوار کو سعودی دارالحکومت ریاض پہنچ گئے۔ عالمی طاقتیں شام پرعائد پابندیوں میں نرمی اور استحکام کے لیے زور دے رہی ہیں۔

https://p.dw.com/p/4p4qq
جرمنی کی طرف سے شام کے لیے مزید امداد کا اعلان کیا گیا
جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئر باک ریاض میں تصویر: picture alliance/dpa

 تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سعودی عرب، جو مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی معیشت ہے، شام میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ شام وہ ملک ہے جہاں گزشتہ ماہ باغیوں نے سابق شامی صدر بشارالاسد  کا تختہ الٹ دیا تھا۔

 ایک سعودی اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا کہ مذاکرات کے لیے ایک وسیع تر عالمی اجتماع ہو رہا ہے جس میں ترکی، فرانس، یورپی یونین اور اقوام متحدہ بھی شامل ہیں۔

شامی نو منتخب رہنما پابندیاں ختم کروانے کی کوشش میں

شام کے نئے رہنما احمد الشارع، جنہوں نے اسد کا تختہ الٹنے والے اتحاد میں اہم باغی گروپ کی قیادت کی تھی، عالمی برادری پر شام پر عائد پابندیوں میں نرمی کے لیے زور دے رہے ہیں۔ ریاض مذاکرات میں ان کی انتظامیہ کی نمائندگی وزیر خارجہ اسد الشیبانی کر رہے ہیں۔

 امریکہ اور یورپی یونین سمیت مغربی طاقتوں نے اسد کی حکومت پر 2011ء  میں حکومت مخالف مظاہروں کے خلاف وحشیانہ کریک ڈاؤن پر پابندیاں عائد کر دی تھیں۔ اس کریک ڈاؤن کے بعد سے شام میں خانہ جنگی شروع ہو گئی تھی۔

شامی مہاجرین کے لیے پانچ ارب یورو امداد کے وعدے

 13 سال سے جاری شام کے بحران میں نصف ملین سے زیادہ شامی ہلاک ہو چکے ہیں۔ ملک کا بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو گیا ہے اور لوگ انتہائی غربت کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔ لاکھوں شامی باشندے  اپنے گھر بار چھوڑ کر یورپ اور دیگر ممالک کی طرف ہجرت کرنے پر مجبور ہوئے۔

اتوار کو ہونے والی ملاقاتیں دراصل اسد کے بعد کے شام کے بارے میں بات چیت کے تسلسل کی نمائندگی کرتی ہیں
ریاض منعقدہ اجلاس میں جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئر باک کی اپنے شامی ہم منصب سے ملاقاتتصویر: Thomas Koehler/AA/IMAGO

 پابندیوں میں نرمی کے اشارے

امریکہ  کے محکمہ خزانہ نے گزشتہ پیر کو کہا کہ وہ توانائی اور صفائی جیسی ضروری خدمات کو متاثر کرنے والی پابندیوں کے نفاذ میں آسانی پیدا کرے گا لیکن امریکی حکام کا کہنا ہے کہ وہ پابندیوں میں کسی وسیع تر نرمی سے پہلے شام کی صورتحال کا جائزہ لینا اور پیش رفت دیکھنے کا انتظار کریں گے۔

یورپی یونین کی خارجہ امور کی نمائندہ اور اعلیٰ سفارت کار کایا کالس نے گزشتہ جمعہ کے روز کہا تھا کہ اگر شام کے نئے حکمران اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنے والی ایک جامع حکومت کی تشکیل کے لیے اقدامات کرتے ہیں تو 27 ملکی یورپی بلاک پابندیاں ہٹانا شروع کر سکتا ہے۔

شامی زلزلہ متاثرین: سیاست پہلے، امداد بعد میں؟

 یورپی وزرائے خارجہ اس معاملے پر بات چیت کے لیے 27 جنوری کو ملاقات کرنے والے ہیں۔ کایا کالاس  نے اتوار کو ریاض میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ شام پر لگی پابندیوں میں ریلیف کی ممکنہ ترجیحات میں ''وہ پابندیاں شامل ہیں جو کسی ملک کی تعمیر میں رکاوٹ بن رہی ہیں، جیسے کہ بینکنگ خدمات تک رسائی وغیرہ۔‘‘ کایا کالاس  نے کہا، ''اگر ہم دیکھتے ہیں کہ پیشرفت درست سمت میں جا رہی ہے تو ہم اگلے اقدامات کرنے کے لیے تیار ہیں تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ،'' فال بیک پوزیشن‘ بھی ہونی چاہیے۔‘‘

داعش کی طرف سے شیعہ درگاہ کو تباہ کرنے کی سازش ناکام بنا دی، شامی حکام

جرمن وزیر خارجہ کا بیان

جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئر باک نے ریاض میں صحافیوں کو بتایا کہ ان کی حکومت ایک ''اسمارٹ اپروچ‘‘ چاہتی ہے جس سے شامیوں تک امداد پہنچ سکے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا، ''بشارالاسد کے حواریوں کے، جنہوں نے خانہ جنگی کے دوران سنگین جرائم کا ارتکاب کیا، خلاف پابندیاں برقرار رہنی چاہییں۔ شامیوں کو اب اقتدار کی منتقلی سے فوری طور پر منافع پہنچنا چاہیے۔‘‘

اسد کے مخالفین ان کی حکومت کے خاتمے کا جشن مناتے ہوئے
شام میں بشارالاسد کا تختہ الٹنے کی خبر سے شام کے اندر اور بیرون ملک مقیم اسد کے مخالف شامی باشندوں نے جشن منایاتصویر: Benjamin Cremel/AFP/Getty Images

جرمن وزیر خارجہ  نے مزید کہا کہ جرمنی شام کو خوراک، ہنگامی صورتحال کے لیے شلٹر اور طبی دیکھ بھال کے لیے مزید  50 ملین یورو کی امداد فراہم کرے گا۔ 

 اقوام متحدہ کے مطابق 10 میں سے سات شامیوں کو مدد کی ضرورت ہے۔

یورپی یونین شام پر عائد پابندیاں بتدریج نرم کر سکتی ہے

سعودی عرب کے شام کے ساتھ تعلقات

عرب بادشاہت سعودی عرب نے 2012 ء میں اسد کی حکومت کے ساتھ تعلقات منقطع کر لیے تھے اور طویل عرصے سے ان کی اقتدار سے بے دخلی کی کھل کر حمایت کی تھی۔ لیکن 2023 ء میں اس نے عرب لیگ کے اجلاس کی میزبانی کی جس میں اسد کو دوبارہ علاقائی سطح پر خوش آمدید کہا گیا۔ اس ماہ خلیجی ریاست نے شام کو زمینی اور ہوائی جہاز کے ذریعے خوراک، عارضی شلٹرز اور طبی سامان بھیجے۔

 ریاض اب بات چیت کر رہا ہے کہ اس جنگ زدہ ملک کی حمایت کیسے کی جائے۔ واشنگٹن میں عرب خلیجی ریاستوں کے انسٹی ٹیوٹ کی نان ریذیڈنٹ فیلو انا جیکبز نے کہا، ''یہ سربراہی اجلاس یہ پیغام دیتا ہے کہ سعودی عرب شام کی بحالی کی حمایت کے لیے علاقائی کوششوں کو مربوط کرنے کی قیادت کرنا چاہتا ہے۔‘‘شامی وزیر خارجہ اعلیٰ قطری حکام سے مذاکرات کے لیے دوحہ میں

 

بشار الاسد کے بعد شام کا مستقبل کیسا ہو گا؟

تاہم انہوں نے کہا، ''بڑا سوال یہ ہے کہ سعودی عرب اس کوشش کے لیے کتنا وقت اور کتنے وسائل صرف کرے گا؟ اور بہت سی پابندیوں کے باقی رہنے سے کیا مراد ہے؟‘‘

ایک سعودی اہلکار نے کہا کہ اتوار کو ہونے والی ملاقاتیں دراصل اسد کے بعد کے شام کے بارے میں بات چیت کے تسلسل کی نمائندگی کرتی ہیں جن کا آغاز گزشتہ ماہ اردن میں ہوا تھا۔ ان کے بقول،'' ان مذاکرات کے بعد، سفارت کاروں نے ، شفاف عمل کے ذریعے ایک جامع، غیر فرقہ وارانہ اور نمائندہ حکومت کی تشکیل‘‘ کے لیے شام میں قیادت کی منتقلی کا مطالبہ کیا تھا۔

ک م/اب ا (اے ایف پی، اے پی)