1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شامی تنازعہ، باغیوں کے چھ گروپوں کا اتحاد

عاصم سليم23 نومبر 2013

شام ميں جاری حکومت مخالف تحريک پيچيدہ سے پيچيدہ تر ہوتی جا رہی ہے اور اب اس تحريک ميں شامل چھ اہم اسلام پسند گروہوں نے ’اسلامک فرنٹ‘ کے نام سے ايک نيا اتحاد قائم کر ليا ہے۔

https://p.dw.com/p/1AMnL
تصویر: Bulent Kilic/AFP/GettyImages

شام ميں صدر بشار الاسد کو اقتدار سے عليحدہ کرنے کے ليے مارچ 2011ء ميں شروع کی جانے والی مسلح تحريک ان دنوں مختلف اقسام کی پيچيدگيوں کا شکار ہے۔ پچھلے چند مہينوں سے شامی باغيوں کی مختلف صفوں اور القاعدہ سے منسلک گروہوں کے مابين تصادم کے سبب معاملات کافی پيچيدگی اختيار کرتے جا رہے ہيں۔

اس حوالے سے تازہ ترين پيش رفت یہ ہے کہ باغی تحريک ميں شامل چھ اہم اسلام پسند گروہوں نے ’اسلامک فرنٹ‘ کے نام سے ايک نيا اتحاد قائم کر ليا ہے۔ ان گروہوں کے نمائندگان نے ايک بين الاقوامی ٹيلی وژن چينل پر نشر کردہ اپنے ويڈيو پيغام کے ذريعے اس نئے اتحاد کے بارے ميں مطلع کيا۔ اس تنظيم نے صدر اسد کو اقتدار سے عليحدہ کرنے اور شام کو ايک اسلامی رياست بنانے کے عزم کا اظہار کيا ہے۔ ’اسلامک فرنٹ‘ نے اپنے پيغام ميں القاعدہ سے منسلک تنظيموں کے ساتھ لاتعلقی کا اظہار بھی کيا۔ تنظيم کی جانب سے جاری کردہ بيان کے مطابق ’’يہ ايک آزاد سياسی، عسکری اور سماجی گروپ ہے، جو صدر اسد کی حکومت کے خاتمے اور اسلامی رياست کے قيام کے مقصد سے بنايا گيا ہے۔‘‘

شام کے ليے اقوام متحدہ اور عرب ليگ کے خصوصی مندوب لخضر براہيمی
شام کے ليے اقوام متحدہ اور عرب ليگ کے خصوصی مندوب لخضر براہيمیتصویر: Reuters

اس پيش رفت سے مسلح تحريک ميں فعال سيکولر باغيوں اور القاعدہ سے منسلک گروپوں، دونوں ہی کو ايک نئے چيلنج کا سامنا ہے۔ شامی باغيوں کی مرکزی تنظيم فری سيريئن آرمی کو گزشتہ کچھ دنوں سے متعدد مشکلات کا سامنا ہے کيونکہ متعدد گروپوں نے اس تنظيم کا ساتھ چھوڑ کر بہتر وسائل کی حامل اسلام پسند تنظيموں کے ساتھ ہاتھ ملا ليے ہيں۔

’جنيوا ٹو‘ کی حتمی تاريخ جلد متوقع

دريں اثناء اقوام متحدہ کی جانب سے اعلان کيا گيا ہے کہ شام کے خونريز تنازعے کے حل کے ليے مجوزہ ’جنيوا ٹو‘ نامی امن کانفرنس کی حتمی تاريخ طے کرنے کے ليے امريکا، روس اور اقوام متحدہ کے سفارت کار آئندہ پير کے روز جنيوا ميں ملاقات کريں گے۔ اس ملاقات ميں شام کے ليے اقوام متحدہ اور عرب ليگ کے خصوصی مندوب لخضر براہيمی اور اقوام متحدہ کے جيفری فيلٹمين روسی نائب وزرائے خارجہ ميخائل بوغدانوف اور گينيڈی گيٹيلوو سميت امريکی سينئر اہلکار وينڈی شرمين سے ملاقات کريں گے۔ اقوام متحدہ کے سفارت کاروں کے بقول پچيس نومبر کے روز ہونے والی اس ملاقات کے بعد سيکرٹری جنرل بان کی مون کو اس امن کانفرنس کی حتمی تاريخ کا اعلان کر دينا چاہيے۔

واضح رہے کہ شام ميں جاری مسلح حکومت مخالف تحريک ميں مارچ 2011ء سے اب تک اندازوں کے مطابق کوئی ايک لاکھ پندرہ ہزار کے قريب افراد ہلاک ہو چکے ہيں۔