شاہی جوڑا کیٹ اور ولیم بھارت کے دورے پر
برطانوی شہزادے ولیم اور اُن کی اہلیہ کیٹ اپنے ایک ہفتے کے دورہٴ بھارت پر بہت خوش ہیں، اس لیے بھی کہ اس ملک کا سفر کرنا کیٹ کی دیرینہ خواہش بھی تھی۔ شاہی خاندان کے یہ دونوں ارکان اس بار اپنے بچوں کے بغیر سفر کر رہے ہیں۔
فلمی ستاروں کے ساتھ ساتھ
کیٹ اور ولیم ممبئی کے شاندار تاج محل پیلس ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے ہیں لیکن کسی لگژری حصے کی بجائے اُن کا قیام اس ہوٹل کے عام سے کمروں میں ہے۔ دوسری جانب اُن کی ایشوریا رائے بچن اور شاہ رخ خان جیسے نامور فلمی ستاروں کے ساتھ ملاقاتیں بہرحال ہو رہی ہیں۔ ایک بڑی پارٹی میں شاہی جوڑے نے غریب بچوں کے لیے عطیات جمع کیے۔
عقیدت کا بھارتی انداز
شاہی جوڑے کے ارکان نئی دہلی میں مہاتما گاندھی کی یادگار کے اندر جانے سے پہلے اپنے جوتے باہر ہی اتار رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ سب دیکھنے والے اس جوڑے کی سادگی اور بھارت اور اُس کے عوام کے لیے یہ عقیدت اور احترام دیکھ کر بہت متاثر ہوئے۔
محبت کی علامت
ممبئی میں کیٹ اور ولیم بان گنگا میں پھول بہا رہے ہیں۔ ویسے تو یہ ایک عام سی مذہبی رسم ہے لیکن اس مخصوص جگہ پر اس طرح سے پھول بہانے کا مطلب ہے، محبت کے اُس جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرنا، جو ہر چیز پر غالب اور حاوی ہے۔
کیٹ اور کرکٹ
سرکاری مصروفیات کے بعد کیٹ نے اپنا سرکاری لباس چھوڑ کر بھارت ہی کی ایک فیشن ڈیزائنر کا تیار کیا ہوا یہ آرام دہ روایتی لباس زیب تن کیا اور گلیوں میں کھیلنے والے بچوں کے ساتھ کرکٹ کھیلی۔ کرکٹ بھارت میں بھی اُتنی ہی مقبول ہے، جتنی کہ انگلینڈ میں۔
شہزادہ بھی کھیل کے میدان میں
اور ظاہر ہے، بچوں کا یہ اصرار بھی تھا کہ تاجِ برطانیہ کا جانشین شہزادہ ولیم اُن کے ساتھ فٹ بال کھیلے۔ شہزادہ ولیم اور اُن کی اہلیہ کیٹ بھارت کے غریب اور پسماندہ بچوں کی بہبود کے لیے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
بھارت کی ترقی پر حیران شہزادہ
ممبئی میں تفریح کے ساتھ ساتھ شاہی جوڑے نے اقتصادی ترقی کو بھی اپنے دورے کا حصہ بنایا۔ نوجوان آجرین کے ساتھ ایک ملاقات کے موقع پر پرنس ولیم موٹر ریسنگ میں استعمال ہونے والی ایک ایسی گاڑی میں بیٹھے ہوئے ہیں، جسے سامنے لگی اسکرین کے ساتھ ڈرائیونگ سیکھنے یا محض تفریح کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
خراج عقیدت سرکاری پروگرام کا حصہ
اس شاہی جوڑے کے سرکاری پروگرام میں اُن ہندوستانی فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا بھی شامل تھا، جنہوں نے پہلی عالمی جنگ کے دوران سلطنتِ برطانیہ کے لیے لڑائی میں حصہ لیا۔ ساتھ ہی ساتھ اس جوڑے نے 2008ء میں ممبئی میں ہونے والے دہشت پسندانہ حملوں میں مرنے والوں کو بھی یاد کیا۔
اور بالآخر تاج محل بھی
کیٹ اور ولیم اپنے دورہٴ بھارت کے دوران ہی بھوٹان کے ایک مختصر سفر پر بھی چلے گئے لیکن پھر ہفتے کے روز بھارتی شہر آگرہ پہنچ گئے، جہاں انہوں نے تاج محل دیکھا۔ محبت کی یہ یادگار پرنس ولیم کے لیے بہت علامتی اہمیت بھی رکھتی ہے کیونکہ برسوں پہلے اس یادگار کے سامنے اُن کی والدہ شہزادی ڈیانا نے اپنے شوہر پرنس چارلس کے بغیر اکیلے ہی اپنی تصویر بنوائی تھی۔