1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شاہی شادی سے قبل، شہزادی ڈیانا کی زندگی پر ناول

7 جنوری 2011

آنجہانی شہزادی ڈیانا کی زندگی سے متعلق یہ ناول برطانوی مصنفہ مونیکا علی نے تحریر کیا ہے۔ یہ ناول رواں برس مارچ میں شائع کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ برطانوی شہزادے ولیم کی شادی اپریل میں کیٹ میڈلٹن کے ساتھ ہونا طے پائی ہے۔

https://p.dw.com/p/Qofg
تصویر: picture-alliance / photoshot
Monica Ali
مصنفہ مونیکا علیتصویر: picture-alliance/dpa

میڈیا پر دئے گئے اپنے ایک انٹرویو میں اس ناول کی 43 سالہ مصنفہ مونیکا علی نے اس تنقید کو مسترد کر دیا، جس میں کہا جا رہا تھا کہ انہوں نے ناول کی اشاعت کے لئے ایک غلط وقت کا انتخاب کیا ہے اور اس سے پرنس ولیم کی شادی پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناول کی اشاعت کی تاریخ غیر ارادی طور پر مارچ میں رکھی گئی اور ایسا ان کی جانب سے جان بوجھ کر نہیں کیا گیا۔

برطانوی اخبار گارڈین سے بات چیت میں مونیکا علی نے کہا کہ ’اَن ٹولڈ سٹوری‘ یا ’ان کہی داستان‘ نامی یہ ناول کسی طرح سے بھی پرنس ولیم، ان کے چھوٹے بھائی ہیری یا برطانوی شاہی خاندان کے لئے تکلیف یا پریشانی کا باعث نہیں بنے گا۔

’’حالانکہ میرا ناول حقیقی طور پر ڈیانا کی صورتحال سے متاثر ہو کر تحریر کیا گیا ہے تاہم اس میں میری شہزادی خیالی ہے۔‘‘

برطانوی اخبار کے مطابق اس ناول پر فلم بندی کے حقوق کی فروخت کے لئے بات چیت بھی شروع ہو چکی ہے۔ مونیکا علی کو ان کے مشہور ناول ’برِک لین‘ کے لیے سن 2003ء میں مَین بُکرز انعام کے لئے شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔ علی نے کہا، ان کے اس ناول کا مرکزی خیال یہ ہے کہ اگر سن 1997ء میں لیڈی ڈیانا کار حادثے میں ہلاک نہ ہوتیں، تو کیا ہوتا۔

’’میں کئی مرتبہ یہ سوچ سوچ کر حیران ہوتی رہی ہوں کہ اگر وہ زندہ ہوتیں، تو اپنی زندگی کی چوتھی اور پانچویں دہائی میں کس قدر بردبار ہوتیں۔‘‘

Jahresrückblick 2010 International November Großbritannien Verlobung bei den Windsors
شہزادہ ولیم کی شادی رواں برس اپریل میں کیٹ میڈلٹن سے ہونا ہےتصویر: picture alliance/dpa

انہوں نے شہزادی ڈیانا کو ایک ’غیرمعمولی عورت‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈیانا نے شاہی خاندان کے حوالے سے ان کی سوچ یکسر تبدیل کی۔ اس ناول میں انہوں نے یہ تصور قائم کیا ہے کہ اگر ڈیانا مزید زندہ رہتیں، تو کیا وہ زندگی میں سکون اور خوشیوں کی اپنی جستجو اور تلاش میں کامیاب ہو جاتیں یا انہیں شہرت کی سفاکیوں کے باعث اپنے مقصد میں کبھی کامیابی نہ مل پاتی۔

اس ناول پر شاہی حکام نے کسی قسم کے تبصرے سے انکار کیا ہے تاہم مبصرین کا خیال ہے کہ ڈیانا پر لکھی گئی اس کتاب سے ان کے بیٹے ولیم کی ازدواجی زندگی پر کچھ نہ کچھ اثرات ضرور پڑیں گے۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں