شرَیک کرداروں کی تصاویر والے گلاس ممنوع
5 جون 2010شمالی امریکہ میں فاسٹ فوڈ ادارے میکڈونلڈ کی جانب سے بچوں اور بڑوں کی دلچسپی والے شریَک تصویر والےگلاسوں کے ڈیزائن میں ضرر رساں دھات کیڈمیئم کے اجزا کی دریافت پر ہلچل محسوس کی گئی ہے۔ اس بات کا اعلان امریکہ کی آزاد معاون ایجنسی، کنزیومر پراڈکٹ سیفٹی کمیشن کی جانب سے کیا گیا ہے۔ اعلان میں واضح کیا گیا ہے کہ کیڈمیئم دھات کے طویل استعمال سے انسانی صحت یقینی طور پرمتاثر ہوتی ہے۔ کنزیومر پراڈکٹ سیفٹی کمیشن کے اعلان میں بتایا گیا ہے کہ فاسٹ فوڈ ادارہ اپنے گاہکوں کو اشتہاروں کے ذریعے مطلع کر رہا ہے کہ وہ ان گلاسوں کا استعمال ترک کردیں۔
شریَک سیریز کی نئی فلم ’شریَک: فار ایور آفٹر‘ کو سینما گھروں میں کامیابی ملی ہے۔ اس کی مزید تشہیر میں شامل میکڈانلڈ فاسٹ فوڈ کا ادارہ بھی ہے جو اس پہلے بھی شریَک کے کرداروں کے نمونے بچوں کے ہیپی میل(Happy Meal) کے ساتھ مفت بطور تحفہ پیش کرتا تھا۔ نئی فلم کے لوگو والے گلاس لاکھوں کی تعداد میں امریکہ اور کینیڈا میں فروخت ہو چکے ہیں۔ ان گلاسوں کی فراہمی گزشتہ ماہ مئی میں شروع کی گئی تھی۔
کنزیومر پراڈکٹ سیفٹی کمیشن کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے میکڈانلڈ فاسٹ فوڈ نے بتایا ہے کہ گلاس کا تجزیہ ایک تیسرے فریق نے لیبارٹری میں کروایا تو یہ ان حفظان صحت کے اصولوں کے معیار پر پوری نہیں اترا جو مرکزی اور ریاستی سطح پر مروج ہیں۔ اعلان میں واضح کیا گیا کہ حفاظتی تدابیر کے تناظر میں یہ ادارہ ان گلاسوں کی فوری واپسی یا انہیں ضائع کرنے کی اپنے گاہکوں کو اپیل کرتا ہے۔ کنزیومر پراڈکٹ سیفٹی کمیشن کے ترجمان سکاٹ وولفسن کے مطابق گلاسوں میں کیڈمیئم عنصر کی موجودگی کی اطلاع میکڈونلڈ کو فراہم کرنے بعد فاسٹ فوڈ نے کمیشن کے ساتھ فوری تعاون کا فیصلہ کیا۔
اس اعلان کے بعد امریکی مالی منڈیوں میں میکڈونلڈ کے حصص میں کمی پیدا ہو گئی جو تشویش کا باعث خیال کیا گیا ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ اگلے دنوں میں صورت حال بہتر ہو جائے گی۔
کیڈمیئم دھات کے انتہائی معمولی مقدار بھی انسانی جسم میں گردوں، ہڈیوں اور نظام تنفس کو متاثر کرتی ہے اور بعض صورتوں میں یہ جان لیوا بھی ہو سکتا ہے۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: شادی خان سیف