شمالی جرمنی میں طوفان کی تباہ کاریاں
جرمنی کے شمالی علاقوں میں گزشتہ شب آنے والے کیٹیگری تین کے طوفان زاویئر نے نظام زندگی کو معطل کر کے رکھ دیا۔ طوفان کے باعث کم از کم سات افراد ہلاک ہو ئے، کئی مکانوں کی چھتیں اُڑ گئیں اور سینکڑوں درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔
جان لیوا ڈرائیونگ
زاویئر طوفان کے دوران ہوا کی رفتار 115 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی۔ طوفان کے باعث مجموعی طور پر سات افراد ہلاک ہوئے، جن میں سے پانچ افراد گاڑی چلاتے ہوئے حادثوں کا شکار ہو کر ہلاک ہوئے۔
بڑے پیمانے پر تباہی
شدید طوفان کے باعث سب سے زیادہ تباہی ساحلی علاقوں میں ہوئی۔ جرمنی کے شمالی علاقوں میں وِلہم بندرگاہ پر نصب کرینیں اکھڑ کر یےڈے دریا میں جا گریں۔
’طاقتور ترین طوفان‘
جرمن دارالحکومت برلن کے کچھ رہائشیوں کے مطابق انہوں نے اپنی زندگی میں زاویئر سے زیادہ طاقتور طوفان نہیں دیکھا۔ برلن میں طوفان کی زد میں آ کر کئی درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، ایسا ہی ایک درخت ایک ٹرام اسٹیشن پر بھی آ گرا۔
سفر میں مشکلات
شدید طوفان کے باعث جرمنی کی قومی ریلوے کمپنی نے اپنی کئی ٹرینیں منسوخ کر دی تھیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ نہ چلنے کے باعث برلن سمیت ملک کے شمال میں واقع کئی شہروں میں ہزاروں مسافر پھنس کر رہ گئے۔ بریمن اور ہینوور کے ہوائی اڈوں سے بھی کئی بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں۔
ہر طرف ایمرجنسی
طوفان کی زد میں آنے والے بیشتر جرمن شہروں میں حکام نے شہریوں کو گھروں ہی میں رہنے کی تلقین کی تھی۔ طوفان کے دوران ریسکیو کے لیے حکام کو ایک ہزار سے زائد کالیں موصول ہوئیں۔