شمالی کوریا نے جوہری پروگرام ترک کرنے کا وعدہ کیا ہے، ٹرمپ
9 مارچ 2018جنوبی کوریا کے سکیورٹی آفس کے سربراہ چُنگ اوئی یونگ نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جمعرات آٹھ مارچ کو رواں ہفتے کے آغاز میں کِم جونگ اُن کے ساتھ ہونے والی ملاقات پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چُنگ کا کہنا تھا کہ کِم جونگ اُن نے جوہری پروگرام کے خاتمے اور اپنے جوہری اور میزائل تجربات کو روکنے کا وعدہ کیا ہے۔
اس ملاقات کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے ایک ٹوئیٹر پیغام میں کہا گیا ہے، ’’ایک ملاقات کی تیاری کی جارہی ہے‘‘۔
جنوبی کوریا کے سلامتی کے شعبے کے سربراہ چُنگ اوئی یونگ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کِم جونگ اُن کی دعوت پر رواں برس مئی میں اس ملاقات پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ بعد ازاں ایک سینیئر امریکی اہلکار نے کہا کہ یہ ملاقات آئندہ دو ماہ میں متوقع ہے اور اس کے لیے حتمی تاریخ اور جگہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
جنوبی کوریا کے صدر مون جے اِن نے امید ظاہر کی ہے کہ اس متوقع سربراہی کانفرنس سے جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کی راہ ہموار ہو گی۔ خیال رہے کہ مون جے اِن کی کوششوں سے ہی شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار ہوئی۔
گزشتہ ماہ جنوبی کوریا میں ہونے والے سرمائی اولمپکس میں نہ صرف شمالی کوریا کے کھلاڑی شریک ہوئے تھے بلکہ اس موقع پر شمالی کوریا کے اعلیٰ سطحی وفود نے بھی افتتاحی اور اختتامی تقریبات میں شرکت کی۔ افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے والے وفد کی سربراہی شمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ اُن کی بہن نے کی تھی۔ 1953ء میں ختم ہونے والی کوریائی جنگ کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ کِم خاندان کے کسی فرد نے جنوبی کوریا کا دورہ کیا۔
پیر پانچ مارچ کے روز جنوبی کوریا کے اعلیٰ سطحی وفد نے شمالی کوریا کے دارالحکومت پیونگ یانگ میں کِم جونگ اُن سے ملاقات کی تھی جس کے بعد یہ اعلان بھی سامنے آیا کہ دونوں کوریاؤں کے سربراہاں جلد ہی ملاقات کریں گے۔