شمالی کوریا کے حلیف چین کا اقوام متحدہ کی پابندیوں پرعمل
23 ستمبر 2017چین نے اقوام متحدہ کی جانب سے شمالی کوریا کے خلاف عائد کردہ نئی اقتصادی پابندیوں پر عمل شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں شمالی کوریا کو بعض پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی پر بیجنگ حکومت نے مکمل پابندی کا اعلان کیا ہے۔ اسی طرح شمالی کوریا سے کپڑے کی امپورٹ کو بھی فوری طور پر روک دیا گیا ہے۔
ٹرمپ کا دماغ ماؤف ہو چکا ہے، کم جونگ اُن
شمالی کوریا پر امریکی صدر سے واضح اختلاف ہے، جرمن چانسلر
ٹرمپ کا مخصوص لہجہ، کیا کشیدگی میں اضافہ ہو گا؟
ٹرمپ کے ’بھونکنے‘ سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، شمالی کوریا
چینی وزارت مالیات نے اپنی ویب سائٹ پر جاری شدہ بیان میں واضح کیا ہے کہ چین پہلی اکتوبر سے اقوام متحدہ کی پابندیوں کی روشنی میں شمالی کوریا کو مرتکز شدہ اور سیال قدرتی گیس کی فراہمی معطل کر دے گا۔ چین اور شمالی کوریا کے درمیان ٹیکسٹائل مصنوعات کی امپورٹ کا معاہدہ گیارہ ستمبر سے قبل کیا گیا تھا اور اُس پر عمل درآمد اُسی صورت میں ہو گا اگر شمالی کوریا امپورٹ ضوابط پر پوری طرح عمل کرے گا۔
سلامتی کونسل نے تین ستمبر کو شمالی کوریا پر سخت ترین اقتصادی پابندیوں کی قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کیا تھا۔
چین کی جانب سے ان پابندیوں کا اعلان ایسے وقت میں ہوا ہے، جب امریکا اور کمیونسٹ ملک شمالی کوریا کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ تواتر سے جاری ہے۔ جنرل اسمبلی میں تقریر کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بائیس ستمبر کو شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ اُن کو پاگل شخص قرار دیا۔
اُدھر روس نے امریکا اور شمالی کوریا سے کہا ہے کہ وہ تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کریں۔ چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے اپنے جاپانی ہم منصب کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بند کرنے کی قطعاً ضرورت نہیں ہے۔
اس مناسبت سے امریکا کے وزیر خارجہ ریکس ٹِلرسن نے بھی کہا ہے کہ شمالی کوریائی تنازعے کے حوالے سے کشیدگی میں اضافہ ضرور ہوا ہے لیکن اس کے حل کے لیے سفارتی کوششوں کو جاری رکھا جائے گا۔ ٹلرسن نے ایک ٹیلی وژن انٹرویو میں کہا کہ شمالی کوریا کا معاملہ انتہائی چیلنجنگ ہے لیکن اس میں بہتری لانے کے لیے سفارتی عمل جاری رہے گا۔