1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فارمولا ون کے لیجنڈری جرمن ڈرائیور کی 'سیل تھیراپی‘

10 ستمبر 2019

فارمولا ون کار ریسنگ کے لیجنڈ جرمن ڈرائیور مشائیل شو ماخر پانچ سال قبل ہوئے حادثے کے بعد سے کبھی عوامی سطح پر دکھائی نہیں دیے۔ اب امراض قلب کے ایک بہت ہی معروف سرجن ان کی اسٹیم سیل تھیراپی کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3PM98
Formel 1 GP Schanghai -  Michael Schumacher
تصویر: picture-alliance/dpa/G. Breloer

فرانسیسی اخبار 'لے پاریزیاں‘ کے مطابق مشائیل شو ماخر کو اسٹیم سیل کے ذریعے علاج کے لیے پیرس کے لیے ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔ اخبار کے مطابق فرانسیسی سرجن فیلیپ میناش کی جانب سے پچاس سالہ شوماخر کا اسٹیم سیل کے ذریعے علاج کیا جائے گا اور یہ ( Georges-Pompidou hospital) کے امراض دل کے وارڈ میں ہو گا۔

اخبار کے مطابق سرجن میناش کا شمار ان ڈاکٹروں میں ہوتا ہے، جنہوں نے دل کی دھڑکن بند ہونے کا علاج سیل سرجری سے کرنے کی ابتدا کی تھی۔

Michael Schumacher Ski-Unfall
تصویر: Tobias Heyer/Bongarts/Getty Images

مشائیل شو ماخر کا شمار فارمولا ون کار ریسنگ کے کامیاب ترین ڈرائیوروں میں ہوتا ہے۔ وہ سات مرتبہ عالمی چیمپئن رہے اور انہوں نے لگ بھگ اپنے پچیس سالہ کیریئر میں 91 مرتبہ گرینڈ پری ریس جیتی۔

29 دسمبر 2013ء کو فارمولا ون کار ریسنگ کے لیجنڈ جرمن ڈرائیور مشائیل شوماخر فرانس کے تفریحی مقام میریبل میں اسکیئنگ کے دوران پیش آنے والے ایک حادثے میں سر پر چوٹ آنے کی وجہ سے زخمی ہو گئے تھے۔ اس کے بعد انہیں سوئٹزرلینڈ کے ایک ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی زندگی بچانے کے لیے انہیں مصنوعی طور پر بے ہوش کر دیا تھا۔ کئی ماہ اسی حالت میں رہنے کے بعد شوماخر جرمنی میں ان کے گھر منتقل کر دیا گیا تھا۔