1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شوماخر کی واپسی: حققیت یا افواہ

12 دسمبر 2009

جرمنی سے تعلق رکھنے والے فارمولا ون کار ریسنگ کے عالمی شہرت اور ریکارڈ ساز ڈرائیور مشاعیل شوماخر کی واپسی کے سلسلے میں قیاس آرائیاں اب خاصا زور پکڑ چکی ہیں۔

https://p.dw.com/p/L0lA
مشاعیل شوماخرتصویر: AP

ایسی خبریں عام ہوتی جا رہی ہیں کہ شوماخر کسی وقت دوبارہ کار ریسنگ شروع کرنے کا اعلان کر سکتے ہیں۔ شوماخر نے ورلڈ ڈرائیونگ چیمپیئن شپ سات مرتبہ جیتنے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے۔ وہ کچھ سال قبل باقاعدہ ڈرائیونگ سے ریٹائر ہونے کے بعد فراری موٹر کار کے ساتھ بطور ایڈوائزر منسلک ہیں۔

تازہ اطلاعلات کو تقویت اُس وقت حاصل ہوئی جب مرسیڈیز فارمولا ون کار انتظامیہ کے چیف ایگزیکٹو نِک فرائی کا کہنا تھا کہ سات مرتبہ کے چیمپیئن کی دوبارہ واپسی یقینی طور پر انتہائی دلچسپی کا باعث ہو گی۔

بعض ذرائع کو میڈیا سے معلوم ہوا ہے کہ مرسیڈیز گاڑی کی جانب سے شوماخر کو سات ملین یورو کی تنخواہ کی پیشکش کی گئی ہے۔ اِس سلسلے میں ایک معاہدہ کو بھی حتمی شکل دی جا چکی ہے جو فی الحال مخفی رکھا گیا ہے۔ اِس معاہدے کے تناظر میں شوماخر باقاعدگی سے بھرپور تربیتی عمل سے گزر رہے ہیں۔ اُن کو وزن کم کرنے کے علاوہ اپنے عضلات کو بھی بہتر بنانے کے سلسلے میں ویٹ لفٹنگ کی بعض مشقوں کو اپنانا ہو گا۔ شوماخر اگر اگلے سال مرسیڈیز گاڑی کا حصہ بنتے ہیں تو وہ مرسیڈیز گاڑی پر نِکو روزبرگ کے ٹیم پارٹنر ہوں گے۔

اِس سال بھی فراری گاڑی کے برازیلی نژاد ڈرائیور فلپ میسا جب ہنگری گراں پری کے انعقاد کے موقع پر بوڈاپیسٹ میں کار حادثے کے دوران زخمی ہو گئے تھے تو شوماخر نے فارمولا ون ٹریک میں اترنے کی کوشش کی تھی لیکن وہ مکمل صحت یابی یا فزیکل فٹ نس کا ٹیسٹ پاس نہیں کر سکے تھے۔ اِس بار بھی اُن کو فٹ نس ٹیسٹ کا مرحلہ پاس کرنا ہو گا۔ اُن کی گردن میں سائیکل سواری کے دوران گرنے سے چوٹ بھی اُن کی راہ میں حائل بتائی جاتی ہے۔

Flash Wochenrückblick Bildergalerie für 31.07.2009 Schumachers Comeback
شوماخر کو مرسیڈیز گاڑی کی جانب سے بھاری پیشکش کی گئی ہے کہ وہ اگلے برس اُس کی فارمولا ون ٹیم کا حصہ بن جائیں۔تصویر: AP

سردست شوماخر کی واپسی کے بارے میں میڈیا سمیت فارمولا ون کار ریسنگ سے منسلک ادارے مسلسل چہ مگوئیوں کا حصہ بنے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب شوماخر کے کیمپ میں ایک مکمل خاموشی ہے۔ اُن کی ترجمان سبینے کہم بھی کسی صحافی کے جواب پر کوئی تبصرہ نہیں کر رہیں۔ خود شوماخر بھی میڈیا سے دور دور رہ رہے ہیں۔ یہ امر بھی حقیقی ہے کہ شوماخر اپنی دوبارہ فارمولا ون کار ریس مقابلوں میں واپسی کو ایک خواب قرار دے چکے ہیں۔ اُن کے مطابق اِس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں رہا۔

سن اُنیس سو اکانوے میں شوماخر مرسیڈیز گاڑی کی سپورٹس کار جارڈن پر سوار ہو کر ضرور مقابلوں میں شریک ہوئے تھے لیکن فارمولا ون گراں پری میں مرسیڈیز پر وہ امکاناً پہلی مرتبہ سن دوہزار دس میں سوار ہو سکتے ہیں۔ مرسیڈیز گاڑی انتظامیہ کی خواہش ہے کہ جرمن ڈرائیور سباسطیئن فیٹل اُس کی ٹیم کا حصہ بن جائے لیکن فیٹل سن دو ہزار گیارہ تک ریڈ بُل ٹیم کا حصہ ہیں۔

جرمنی سے تعلق رکھنے والے سباسطیئن فیٹل رواں سال کے مکمل ہونے والے سیزن میں ڈرائیونگ فہرست میں دوسرے بہترین ڈرائیور قرار پائے ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ