شکار پور میں امام بارگاہ پر خودکش حملہ ناکام
13 ستمبر 2016پاکستانی صوبہٴ سندھ کی پولیس کے سینیئر اہلکار بہاردین کیریو نے بتایا کہ شکارپور کی ایک امام بارگاہ پر دہشت گردانہ حملہ اُس وقت ناکام بنا دیا گیا جب ایک خودکش حملہ آور نے تلاشی کے وقت ہی اپنی بارودی جیکٹ سے دھماکا کر دیا۔ یہ حملہ ایک ایسے روز کرنے کی کوشش کی گئی جب سارے پاکستان میں ہر مسلک و عقیدہ کے مسلمان عیدالاضحیٰ منا رہے ہیں۔
شکار پور کا ضلع پاکستان کے مالیاتی مرکز کراچی کے شمال میں واقع ہے۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ دو خودکش حملہ آور خان پور امام بارگاہ کے لیے قائم سکیورٹی چیک پوائنٹ سے آگے بڑھنے کی کوشش میں تھے لیکن پولیس کی مداخلت سے وہ اپنے خوفناک منصوبے پر عمل درآمد نہ کر سکے۔ اس دھماکے میں چار پولیس افسران کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ طبی ذرائع کے مطابق ایک اہلکار کی حالت انتہائی نازک ہے۔
شکار پور کے مقامی پولیس اہلکار عمر طفیل کے مطابق زخمی ہونے والے دوسرے خود کش بمبار کی حالت بھی کافی نازک ہے۔ ہسپتال میں ڈاکٹر اُس کی جان بچانے کی بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ طفیل نے بتایا کہ دوسرا حملہ آور بروقت اپنی باروی جیکٹ اڑانے میں ناکام رہا تھا اور اُس پر امام بارگاہ میں عید کی نماز کے لیے جمع ہونے والے لوگوں نے قابو پا لیا۔ تب پولیس اہلکار اپنے زخمی ساتھیوں کی جان بچانے میں مصروف ہو گئے تھے۔
صوبے سندھ کی پولیس کے سربراہ اے ڈی خواجہ نے بھی پولیس کی جانب سے حملے کو ناکام بنانے کی بروقت کارروائی کی تعریف کی ہے۔ پاکستان کے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی حان نے بھی خودکش حملہ ناکام بنانے والے زخمی پولیس اہلکاروں کی ہمت اور حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حملوں کو ناکام بنانے میں پولیس نے کبھی بھی قربانی دینے سے گریز نہیں کیا۔
اسی شکار پور شہر کی ایک دوسری امام بارگاہ پر سن 2015 میں کیے گئے ایک حملے میں کم از کم اکسٹھ عبادت گزار ہلاک ہو گئے تھے۔ اِس حملے کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم لشکر جھنگوی نے قبول کی تھی۔