شین کونری ’سالگرہ مبارک‘
پرکشش ادکار شین کونری پچیاسی برس کے ہو گئے۔ جیمز بانڈ فلمیں کونری کی وجہ شہرت بنیں اور انہی فلموں کے ذریعے وہ دنیا بھر کی لاکھوں خواتین کے دلوں میں گھر کر گئے۔
سدا بہار
شین کونری ہالی وڈ کے اُن چند مرد اداکاروں میں سے ایک ہیں، جنہوں نے جس بھی عمر میں شرٹ اتار کر اداکاری کی اسے ہمیشہ پسند کیا گیا۔ یہ تصویر جیمز بانڈ کی فلم’ ڈائمنڈز آر فار ایورز‘ کی ہے۔ برطانوی اداکار شین کونری 25 اگست 1930ء کو فاؤنٹین برج میں پیدا ہوئے تھے۔
خواتین کے من پسند
اپنے فلمی کیریئر کے دوران شین کونری کو انتہائی مقبولیت حاصل ہوئی۔ جیمز بانڈ کے کردار کی وجہ سے انہیں’سیکس سمبل‘ سمجھا جانے لگا۔ اپنی نجی زندگی میں بھی وہ اپنے نفیس انداز اور جمال و وجاہت کی وجہ سے پہچانے جاتے تھے۔1987ء میں اتاری گئی اس تصویر میں وہ اداکار جینی ماریئو کے ساتھ ہیں۔
ترقی کی سیڑھیاں
برطانوی خفیہ ایجنٹ جیمز بانڈ کے کردار کی وجہ سے شہرت حاصل کرنے سے قبل شین کونری نے ہالی وڈ میں مختلف کردار ادا کیے۔ ان کی پہلی کامیابی 1958ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’Another Time, Another Place ‘ کو قرار دیا جاتا ہے۔
ایک اسٹار کا جنم
1962ء میں جیمز بانڈ سیریز کی فلم ’ڈاکٹر نو‘ کی کامیابی نے شین کونری کو ایک اسٹار بنا دیا۔ اس فلم میں ایک وجیہ اسکاٹش نوجوان خوبرو اداکارہ ارسولا اندریس کے ساتھ پردہ سیمی پر نظر آیا۔
ہچ کوک کے ساتھ بھی
اپنی اداکاری کے ابتدائی دنوں میں شین کونری نے ہر طرح کے کردار نبھائے تاکہ انہیں ایک ’ملٹی ٹیلنٹڈ‘ ادکار سمجھا جائے۔ 1964ء میں انہوں نے معروف ڈائریکٹر الفریڈ ہچ کوک کی فلم ’Marnie‘ میں بھی کام کیا۔
باکس آفس کامیابی
اس دوران شین کونری ترقی کی سیڑھیاں چڑھتے رہے اور جیمز بانڈ سیریز کی ان کی تیسری فلم ’ گولڈ فنگر‘ نے شائقین کی توقعات سے کہیں زیادہ کامیابی حاصل کی اور باکس آفس پر 125 ملین ڈالر کا کاروبار کیا۔
دیگر کردار
1970ء کی دہائی میں شین کونری نے خود کو جیمز بانڈز کے کردار سےآزاد کرانے کی کوشش بھی کی۔ تاہم ان کی یہ کوشش اُس وقت بہت زیادہ کامیاب نہیں ہو سکی۔
آسکر ایوارڈ
1987ء میں کونری کو فلم ’Untouchables‘میں ان کے معاون کردار پر فلمی دنیا کا سب سے معتبر سمجھا جانے والا ایواڈ آسکر دیا گیا۔ اس دوران وہ گولڈن گلوب ایوارڈ بھی حاصل کر چکے ہیں جبکہ بافتا ایوارڈ کے لیے بھی انہیں نامزد کیا گیا تھا۔
فلمی دنیا سے رخصتی کا آغاز
1990ء کی دہائی میں فلم دی ایونجرز کی زبردست کامیابی کے باوجود شین کونری کے لیے فلمی دنیا تنگ ہونا شروع ہو گئی تھی۔
ہالی وڈ کو خیر باد
2003ء میں شین کونری نے ہالی وڈ کے بڑے اسکرین کو خیر باد کہہ دیا۔ وہ ’The League of Extraordinary Gentelman‘ نامی فلم میں آخری مرتبہ جلوہ افروز ہوئے۔ اس کے بعد بہت سی اینیمیشن فلموں میں صرف ان کی آواز ہی سنائی دی۔
بائے بائے شین کونری
گزشتہ برسوں کے دوران شین کونری بہت کم ہی خبروں کی زینت بنے ہیں اور عوامی تقریبات میں بھی انہیں بہت کم ہی دیکھا گیا۔ یورپ اور کیریبیئن جزائر پر ان کے گھر ہیں اور وہ اپنا زیادہ تر وقت اپنی اہلیہ کے ساتھ انہی مقامات پر گزراتے ہیں۔