1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستامریکہ

بائیڈن خاندان نے گزشتہ برس چھ لاکھ ڈالر کمائے

16 اپریل 2022

امریکی صدر جو بائیڈن اور ان کی اہلیہ نے سن 2021 میں ڈیڑھ لاکھ ڈالر ٹیکس ادا کیا جو ان کی آمدنی کا 24.6 فیصد بنتا ہے۔ نائب صدر کملا ہیرس اور ان کے خاوند کی آمدنی سولہ لاکھ ڈالر رہی۔

https://p.dw.com/p/4A1KU
USA | Virtuelles Treffen Joe Biden - Narendra Modi
تصویر: Carolyn Kaster/AP/picture alliance

امریکی صدر جو بائیڈن اور ان کی اہلیہ جِل بائیڈن نے سن 2021 کے ٹیکس گوشواروں میں چھ لاکھ ڈالر آمدنی ظاہر کی ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق اس آمدنی پر دونوں نے 150,439 ڈالر ٹیکس ادا کیا جو مجموعی رقم کا 24.6 فیصد بنتا ہے۔

دریں اثنا امریکی نائب صدر کملا ہیرس اور ان کے شوہر نے بھی اپنے گوشوارے ظاہر کیے ہیں۔ اس جوڑے نے گزشتہ برس 1,655,563 ڈالر کمائے اور تقریبا سوا پانچ لاکھ وفاقی ٹیکس کی مد میں ادا کیے جو مجموعی آمدنی کا 31 فیصد بنتا ہے۔

Joe Biden Steuererklärung
تصویر: Jon Elswick/AP/picture alliance / ASSOCIATED PRESS

امریکی صدر کے ٹیکس گوشوارے اہم کیوں ہیں؟

امریکہ میں سن 1970 کی دھائی سے یہ روایت رہی ہے کہ مختلف امریکی صدور ٹیکس کی تفصیلات منظر عام پر لاتے ہیں۔

تاہم سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس روایت کے برخلاف اپنے گوشوارے ظاہر کرنے سے انکار کر دیا تھا، جس پر انہیں مسلسل تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

صدر جو بائیڈن نے اپنی انتخابی مہم میں بھی ٹرمپ کے اس فیصلے کو شفافیت کے منافی قرار دیا۔ جو بائیڈن نے سن 2020 کے انتخابات سے قبل ہی گزشتہ بائیس برس کی ٹیکس تفصیلات شائع کر دی تھیں۔

دوسری جانب ٹرمپ کہتے رہے کہ آڈٹ جاری ہونے کے باعث وہ اپنی آمدنی کی تفصیلات پبلک نہیں کر سکتے۔

تاہم نیو یارک ٹائمز نے سابق صدر ٹرمپ کا ٹیکس ریکارڈ حاصل کر لیا تھا جس کے مطابق سن 2017 میں ٹرمپ نے صرف 750 ڈالر ٹیکس ادا کیا تھا۔ امریکی وفاقی ادارے آئی آر ایس کے اعداد و شمار کے مطابق اس برس ڈونلڈ ٹرمپ نے اوسطا بارہ ہزار ڈالر ٹیکس ادا کیا تھا۔

یوں گزشتہ امریکی صدارتی انتخابات میں ٹیکس کی تفصیلات ظاہر کرنے کا معاملہ اہمیت اختیار کر گیا تھا۔ ٹرمپ کی شکست اور بائیڈن کی جیت میں بھی یہ معاملہ اہمیت کا حامل رہا تھا۔

وائٹ ہاؤس کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا، ''اس ریلیز کے ساتھ صدر نے مجموعی طور پر گزشتہ 24 برسوں کے ٹیکس گوشوارے امریکی عوام کے سامنے رکھ دیے ہیں، یہ کمانڈر انچیف کے امریکی عوام کے ساتھ مالی معاملات کے بارے میں شفافیت کے عزم کا ایک مرتبہ پھر مظاہرہ ہے۔‘‘

بائیڈن کی آمدن کم ہو گئی

سن 2019 میں جو بائیڈن اور ان کی اہلیہ کی آمدنی دس لاکھ امریکی ڈالر کے قریب تھی تاہم صدر بننے کے بعد اس جوڑے کی آمدنی میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔

صدر بننے سے قبل بائیڈن کی آمدنی میں ان کی کتاب اور تقریروں سے ہونے والی آمدنی بھی شامل تھی۔ علاوہ ازیں دونوں مختلف امریکی یونیورسٹیوں میں پڑھا کر بھی تنخواہ لیتے رہے تھے۔ صدر بننے کے بعد دونوں نے تدریس کا سلسلہ ختم کر دیا تھا۔

امریکی صدر کے عہدے پر کام کرنے کی سالانہ تنخواہ تقریبا چار لاکھ ڈالر ہے۔

ش ح/ب ج (اے پی، اے ایف پی، ڈی پی اے)