1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’’صومالیہ دہشت گردوں کی آماجگاہ بن سکتا ہے‘‘

28 اگست 2010

صومالیہ میں الشباب ملیشا نے جنگ کی دھمکی دی اورکہا کہ وہ اسے عملی جامہ پہنائیں گے۔ ماہرین کو خطرہ ہے کہ صومالیہ دہشت گردوں کی آماجگاہ بن سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/OyOl
تصویر: AP

صومالیہ میں انتہا پسندوں نے ملک کی عبوری حکومت کے خلاف کارروائیاں مزید تیزکرنے کا اعلان کیا ہے۔ الشباب ملیشا نے کہا ہے کہ وہ اسے عملی جامہ پہنائیں گے۔ صومالیہ میں موجود افریقی یونین کے امن دستوں کی تعداد الشباب کے عسکریت پسندوں سے مقابلہ کرنے کے لئے ناکافی دکھائی دیتی ہے۔

صومالی دارالحکومت موغادیشو میں ایسے کم ہی دن ہوتے ہیں، جب حالات مکمل طور پر پرامن ہوں۔ اس موقع پر لوگ باہر آ کر دیکھتے ہیں کہ فائرنگ کے بعد ان کے گھر میں کیا باقی بچا ہے اور بموں نے کس حصہ کو تباہ کیا ہے۔ ابراہیم عمر شہر کے اس حصے میں رہتے ہیں، جو لڑائی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ وہ بتاتے ہیں’’ میرے تمام گھر والے نقل مکانی کر چکے ہیں۔ لیکن میں گھر کی حفاظت کے لئے یہیں رہ گیا ہوں۔ جب سے لڑائی شروع ہوئی ہے ایک خوف کی فضا طاری ہے۔ یہاں زندگی بالکل تباہ ہو کر رہ گئی ہے‘‘

Somalia Shebab Miliz Angriff auf Hotel in Mogadischu
ااشباب نے موغادیشو میں اس ہوٹل کو نشانہ بنایا ، جہاں اکثر سیاستدان جمع ہوتے ہیںتصویر: AP

اس ہفتے کے آغاز میں ہی عسکریت پسند تنظیم الشباب نے حکومت کے خلاف نئے حملوں کے دھمکی دی ہے۔ عسکریت پسندوں نے اس دھمکی کو عملی شکل دینا بھی شروع کر دی ہے۔ انہوں نے 24 تاریخ کو ہی موغادیشو کے اس ہوٹل کو نشانہ بنایا، جہاں اکثر سیاست دان جمع ہوتے ہیں۔ اس حملے میں چھ ارکان اسمبلی سمیت تیس افراد ہلاک ہوئے۔

اس حملے کے بعد صومالیہ کے صدر شیخ شریف احمد نے کہا’’ بات جب سرکاری عہدیداروں اور اہلکاروں کی حفاظت کی ہو، تو ہمارے دشمن نے اس حوالےسے ایک نئی حکمت عملی اختیار کی ہے۔ اسی وجہ سے ہم بھی اس کا جواب نئے انداز سے ہی دیں گے۔ ہم نے ان افراد کی سلامتی کا ایک نیا منصوبہ بنایا ہے، جس پر جلد ہی عمل درآمد شروع کر دیا جائے گا ‘‘

صدرکا یہ بیان بالکل بے اثر ہے کیونکہ شیخ شریف احمد ابھی تک اگر صدر ہیں، توافریقی یونین کے چھ ہزار امن فوجیوں کی وجہ سے۔ الشباب سمیت دیگر اسلامی گروپ تو انہیں پہلے ہی دیوار سے لگا کر موغادیشو پر بھی کنٹرول حاصل کر چکے ہیں۔ اس وقت عملی طور پر پورا ملک عسکریت پسند کے ہاتھوں میں ہے۔

Somalia Kämpfe in Mogadishu AU Panzer
صومالیہ میں موجود افریقی یونین کے امن دستوں کی تعداد صرف چھ ہزار ہےتصویر: AP

صومالیہ کے وزیر اطلاعات عبدالرحمن عمر عثمان کہتے ہیں کہ ملک میں اسلامی گروپ بہت تیزی سے مضبوط ہو رہے ہیں۔ ان کے بقول الشباب کو مالی تعاون القاعدہ کی جانب سے فراہم کیا جا رہا ہے۔ وہ مستقل صومالیہ کے خلاف جنگ کر رہے ہیں اور اس طرح مزید جہادی صومالیہ کا رخ کر رہے ہیں۔

ماہرین بار بار اس خدشے کا اظہار کر رہے ہیں کہ صومالیہ دہشت گردوں کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔ الشباب کو مزید مضبوط کرنے کے لئے پاکستان، افغانستان اور تاجکستان سے دہشت گرد صومالیہ کا رخ کرنے لگے ہیں ۔ اطلاعات ہیں کہ صومالیہ کے پڑوسی ممالک کینیا اور ایتھوپیا میں امریکی خفیہ اداروں اور فوجی اہلکاروں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے تا کہ اگر قرن افریقہ میں کسی کارروائی کی ضرورت پڑے تواس کی تیاری پہلے ہی سے مکمل ہو۔

رپورٹ : عدنان اسحاق

ادارت : عصمت جبیں