طالبان بن لادن کی موت سے سبق سیکھیں، کرزئی
2 مئی 2011کابل سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق صدر کرزئی نے پاکستانی شہر ایبٹ آباد میں ایک فوجی کارروائی کے دوران اسامہ بن لادن کی موت کے پس منظر میں کابل میں ایک بیان دیتے ہوئے کہا کہ القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کی موت کے بعد طالبان کو اپنی مسلح جدوجہد سے باز آ جانا چاہیے۔ صدر کرزئی کے بقول طالبان کو بن لادن کی موت سے لازمی طور پر سبق سیکھنا چاہیے۔
صدرحامد کرزئی نے پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے شمال کی طرف واقع شہر ایبٹ آباد میں امریکی فوج کے خصوصی کمانڈوز کے ایک آپریشن میں ایک جھڑپ کے دوران بن لادن کی موت کو ایک اہم خبر قرار دیا۔ حامد کرزئی نے کہا کہ اسامہ بن لادن کو ان کے اپنے ہی اعمال کے نتائج بھگتنا پڑے ہیں۔ حامد کرزئی کے بقول یہ بات طے تھی کہ بن لادن کو، جو کچھ انہوں نے کیا تھا، ایک نہ ایک دن اس کی قیمت چکانا ہی تھی۔
افغان صدر حامد کر زئی نے کابل کے صدارتی محل میں ملکی قبائلی رہنماؤں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی خصوصی دستوں کے ہاتھوں ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت ایک ایسی خبر ہے جو یہ ثابت کرتی ہے کہ بن لادن کو بالآخر اس کی قیمت چکانا ہی پڑی، جو کچھ وہ کرتے رہے تھے۔ اس موقع پر ملکی ٹیلی وژن سے براہ راست نشر کیے گئے اپنے بیان میں حامد کر زئی نے یہ بھی کہا کہ طالبان کو اب اپنی مسلح مزاحمت ترک کر کے امن کا راستہ اپنانا چاہیے۔
رپورٹ: عصمت جبیں
ادارت: مقبول ملک