1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طالبان خواتین پر عائد پابندیاں فوراً واپس لیں، سلامتی کونسل

28 اپریل 2023

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے تمام 15اراکین کی طرف سے متفقہ طور پر منظور کردہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اپریل میں طالبان کی طرف سے اعلان کردہ پابندیاں 'انسانی حقوق اور انسانی اصولوں کو مجروح' کرتی ہیں۔

https://p.dw.com/p/4QepV
USA UN-Sicherheitsrat
تصویر: Loey Felipe/UN Photo/Xinhua/IMAGO

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جمعرات کے روز اتفاق رائے سے ایک قراداد منظور کی ہے جس میں بالخصوص اقوام متحدہ کے اداروں کے لیے کام کرنے والی افغان خواتین پر طالبان کی جانب سے عائد کی گئی پابندیوں کی مذمت کی گئی ہے اور طالبان حکام پر زور دیا گیا ہے کہ خواتین کے خلاف پابندیوں کے تمام اقدامات کو "فوراً واپس لیں۔"

سلامتی کونسل کے تمام 15 اراکین کی طرف سے متفقہ طورپر منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اپریل کے اوائل میں طالبان کی جانب سے اعلان کردہ پابندیاں "انسانی حقوق اور انسانی اصولوں کو مجروح کرتی ہیں۔"

افغانستان چھوڑنے کے 'اندوہناک' فیصلے پر مجبور، اقوام متحدہ

سلامتی کونسل نے طالبان حکومت سے مطالبہ کیا کہ "ان پالیسیوں اور طریقوں کو فوراً تبدیل کیا جائے جو خواتین اور لڑکیوں کے انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں سے استفادہ کرنے پر قدغن لگاتے ہیں۔"

اس قرارداد میں تعلیم، ملازمت، نقل وحرکت کی آزادی اور عوامی زندگی میں خواتین کی مکمل، مساوی اور بامعنی شرکت تک رسائی کا ذکر کیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریش نے افغانستان میں سنگین معاشی اور انسانی صورت حال کے مدنظر وہاں اقوام متحدہ کے مشن اور اقوام متحدہ کی دیگرایجنسیوں کی مسلسل موجودگی کی اہمیت پر بھی زور دیا
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریش نے افغانستان میں سنگین معاشی اور انسانی صورت حال کے مدنظر وہاں اقوام متحدہ کے مشن اور اقوام متحدہ کی دیگرایجنسیوں کی مسلسل موجودگی کی اہمیت پر بھی زور دیاتصویر: Fatih Aktas/AA/picture alliance

'تمام ممالک اثرو رسوخ استعمال کریں'

سلامتی کونسل نے "تمام ملکوں اور تنظیموں پر بھی زور دیا کہ وہ اپنا اثر ورسوخ استعمال کریں تاکہ ان پالیسیوں اور طریقوں کو فوراً تبدیل کرنے میں مدد مل سکے۔"

اس عالمی ادارے نے افغانستان میں "سنگین معاشی اور انسانی صورت حال" کے مدنظر وہاں اقوام متحدہ کے مشن اور اقوام متحدہ کی دیگرایجنسیوں کی مسلسل موجودگی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

اقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کی سفیر لانا ذکی نصیبہ کا کہنا تھا، "دنیا خاموش نہیں بیٹھے گی کیونکہ افغانستان میں خواتین کو معاشرے سے الگ کردیا گیا ہے۔"

افغان طالبان سے نمٹنے کے لیے تازہ فکر و خیال کی ضرورت ہے، اقوام متحدہ

تاہم قراردادکے حق میں اپنے ملک کی طرف سے ووٹ دینے کے باوجود روسی سفیر واسیلی نیبنزیا نے قرارداد کے متن پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ یہ کافی حد تک درست نہیں ہے اور اس کے لیے مغرب کو مورد الزام ٹھہرایا۔

انہوں نے کہا، "ہمیں بہت افسوس اور مایوسی ہے کہ مغرب کے ساتھیوں کی جانب سے اقدامات اور زیادہ جامع نقطہ نظر اور متن کو مسدود کردیا گیا ہے۔"

افغانستان کے اثاثوں کو غیر منجمد کرنے کی پاکستان سمیت سات ملکوں کی اپیل

انہوں نے سن 2021 میں طالبان کے ملک پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد امریکہ کی جانب سے منجمد کیے گئے افغان مرکزی بینک کے سات ارب ڈالر کے اثاثوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، "اگر آپ اتنے مخلص ہیں تو ملک سے چوری کیے گئے اثاثوں کوواپس کیوں نہیں کرتے اور وہ بھی کسی پیشگی شرط کے بغیر۔"

ستمبر میں امریکہ نے سوئٹزرلینڈ میں ایک ایسا فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا تھا جس میں نصف رقم رکھی جائے گی۔

سلامتی کونسل نے طالبان حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان پالیسیوں اور طریقوں کو فوراً تبدیل کیا جائے جو خواتین اور لڑکیوں کے انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں سے استفادہ کرنے پر قدغن لگاتے ہیں
سلامتی کونسل نے طالبان حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان پالیسیوں اور طریقوں کو فوراً تبدیل کیا جائے جو خواتین اور لڑکیوں کے انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں سے استفادہ کرنے پر قدغن لگاتے ہیںتصویر: Ebrahim Noroozi/AP Photo/picture alliance

افغانستان کی صورت حال پرانٹونیو گوٹیریش کی دوحہ میٹنگ

اقوام متحدہ نے 4 اپریل کو بتایا تھا کہ طالبان حکام نے دسمبر میں خواتین پر ملکی اور غیر ملکی غیر سرکاری تنظیموں کے لیے کام کرنے پر پابندی عائد کرنے کے بعد، ملک بھر میں اقوام متحدہ کے دفاتر میں کام کرنے والی افغان خواتین کے کام کرنے پربھی پابندی عائد کر دی ہے۔

اس اقدام سے ناراض ہوکر اقوام متحدہ نے اپنی سرگرمیاں روک دی تھیں، جو 5 مئی تک جاری رہنی تھیں۔  کئی امدادی ایجنسیوں نے بھی احتجاجاً اپنی سرگرمیاں معطل کردی تھیں۔

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریش اگلے ہفتے دوحہ میں مختلف ملکوں کے سفیروں کے ساتھ ایک میٹنگ کرنے والے ہیں تاکہ "افغانستان کی صورت حال پر پائیدار طریقے سے آگے بڑھنے کے لیے مشترکہ مقاصد کے حوالے سے بین الاقوامی شمولیت کو دوبارہ متحرک کیا جاسکے۔"

خواتین کےحقوق کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات ضروری، اقوام متحدہ

افغانستان میں اقوام متحدہ کی مختلف تنظیموں میں تقریباً 3300 افغان شہری ملازمت کرتے ہیں، ان میں 2700مرد اور 600خواتین ہیں لیکن 5 اپریل کے بعد سے یہ ملازمت پر آنے کے بجائے اپنے اپنے گھروں میں بیٹھے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے ترجمان نے تاہم کہا ہے کہ ان ملازمین کو تنخواہیں ملتی رہیں گی۔

 ج ا/ ص ز (اے ایف پی، اے پی)