عالمی کپ کی میزبانی: پی سی بی اور آئی س سی میں معاملہ طے
27 اگست 2009اس سمجھوتے کے مطابق اگرچہ سن 2011 ء عالمی کپ کا کوئی بھی میچ پاکستان میں نہیں کھیلا جائے گا تاہم آئی سی سی پاکستان کو ان چودہ میچوں کی فیس ادا کرے گی جو پاکستان میں کھیلے جانے تھے۔ اس کے علاوہ پاکستان کو دس ملین ڈالر کی اضافی رقم بھی دی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیر مین اعجاز بٹ نے کہا ہے کہ جمعرات کے دن آئی سی سی کے ساتھ ہونے والے سمجھوتے میں اس شق کو ڈالنے پر بھی زور دیا گیا ہے کہ اگر پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال میں بہتری آتی ہے تو عالمی کپ 2011 ء کے کچھ میچ پاکستان میں کھیلے جائیں۔
واضح کی عالمی کپ 2011 ء کے چودہ میچ پاکستان میں کھیلے جانے تھے تاہم تین مارچ کو لاہور میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر دہشت گردانہ حملے کے بعد، سیکیورٹی وجوہات پر آئی سی سی نے یہ میچ پاکستان سے دیگر ممالک منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ بعد ازاں پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کے اس فیصلے کے خلاف باقاعدہ قانونی کارروائی شروع کی تھی۔
تین مارچ کو لاہور میں سری لنکا کرکٹ ٹیم پر دہشت گردانہ حملے کے نتیجے میں سری لنکا کے کھلاڑی اور ان کا اسسٹنٹ کوچ زخمی ہو گیا تھا۔ اس کارروائی میں پاکستانی پولیس اہلکاروں سمیت آٹھ افراد ہلاک بھی ہوئے تھے۔
اس واقعہ کے بعد آئی سی سی نے پاکستان میں کھیلے جانے والے میچوں کو بھارت ، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان تقسیم کردیا تھا۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: افسر اعوان