1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی ہاکی کپ : بھارت میں سیکیورٹی انتظامات تسلی بخش ہیں: آصف باجوہ

22 فروری 2010

پاکستانی قومی ہاکی ٹیم کے مینیجر آصف باجوہ نے بھارت پہنچنے پر کہا ہے کہ عالمی کپ ہاکی کے لئے کئے گئے سیکیورٹی انتظامات پر وہ مطمئن ہیں۔

https://p.dw.com/p/M8iQ
پینلٹی کارنر کے ماہر سہیل عباستصویر: AP

عالمی کپ میں شرکت کے لئے پاکستانی ٹیم پیر کے روز بھارتی دارالحکومت نئی دہلی پہنچی ۔ ممبئی حملوں کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کی کوئی قومی ٹیم بھارت کا دورہ کر رہی ہے۔ اٹھارہ رکنی پاکستانی اسکواڈ، واہگہ بارڈر کے راستے بھارت پہنچا۔ بس کے پندرہ گھنٹے کے طویل سفر کے بعد ہوٹل پہنچنے پرکھلاڑیوں نے صحافیوں سے گفتگو کی۔

پاکستانی ٹیم کے مینیجر آصف باجوہ نے کہا: ’’ عالمی کپ ہاکی میں شرکت کے لئے ہمارے لئے جو حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں ، اس سے ہم خوش ہیں۔ بھارت میں داخل ہونے کے بعد ہوٹل پہنچنے تک ، سیکیورٹی سخت رہی۔‘‘

آصف باجوہ نے کہا کہ وہ امن اور ہم آہنگی کے سفیر بن کر بھارت آئے ہیں اور یہاں ہاکی عالمی کپ میں شرکت کے علاوہ پیار بھی پھیلائیں گے۔ انہوں نے کہا: '' دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے، جس کا تعلق صرف پاکستان یا بھارت سے نہیں ہے۔ بھارت عالمی ہاکی کپ کے انعقاد کے لئے ایک محفوظ جگہ ہے‘‘۔

Indien Hockey Team
پاکستان اٹھائیس فروری کو بھارت کے خلاف کھیے گاتصویر: AP

پاکستانی ہاکی ٹیم کے اسٹرائیکر ریحان بٹ نے کہا کہ مناسب سیکیورٹی تمام ٹیموں کے لئے ضروری ہے۔ ان کے بقول وہ ابھی تک بھارتی حکومت کی طرف سے مہیا کی جانے والی سیکیورٹی سے کافی حد تک مطمئن ہیں۔ پاکستانی ہاکی ٹیم اٹھائیس فروری کو ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں میزبان ملک بھارت کے خلاف کھیلے گی۔ ایک سوال کے جواب میں ریحان بٹ نے کہا کہ وہ عالمی کپ میں کھیل کا آغاز جیت سے کرنا چاہیں گے۔ انہوں نے کہا:'' یہاں آنے سے قبل ہم نے کافی اچھے پریکٹس سیشن کئے، تمام کھلاڑی اپنا سو فیصدی دینے کے لئے تیار ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ بھارت کے خلاف کھیلنا ایک بہت بڑا چلینج ہے لیکن ہم اس کے لئے تیار ہیں۔ ہم تمام ٹیموں کے خلاف اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور مثبت سوچ کے ساتھ کھیلیں گے۔‘‘

پاکستانی اسٹار کھلاڑی فواد شکیل نے کہا کہ اس مرتبہ ٹیم کافی مضبوط ہے اور اچھی کارکردگی دکھانے کی بھر پور کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا:'' ہم ایک اچھی ٹیم ہیں اور ایک اچھے ٹورنامنٹ کی امید کر رہے ہیں۔ ہم یہاں جلدی اس لئے آئے ہیں تاکہ یہاں کے موسم سے مطابقت پیدا کی جا سکے۔ اسی لئے ہم بس کے ذریعے بھارت آئے ہیں۔ اس سے قبل ہم نے جہاز کے ذریعے پچیس فروری کو بھارت پہنچنا تھا۔‘‘

بھارتی ہاکی کے سیکرٹیری نیریندرا بھٹرا نے پاکستانی ٹیم کا استقبال کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم بھارت کی خصوصی مہمان ہے۔

رپورٹ عاطف بلوچ

ادارت شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں