عراق: سینیئر خاتون صحافی کو اغوا کر لیا گیا
27 دسمبر 2016عراق کی وزارت داخلہ کے مطابق نامعلوم نقاب پوش افراد معروف خاتون صحافی عَفرہ شوقی الحمودی القیسی کو اُن کے گھر سے اغوا کر کے لے گئے ہیں۔ وزارت داخلہ نے خاتون صحافی اور سرگرم سماجی کارکن کے اغوا کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔
القیسی کا مکان بغداد شہر کے جنوب مغربی علاقے سیدیہ میں واقع ہے۔ وہ صحافی ہونے کے علاوہ عراقی وزارت ثقافت کی ملازم بھی ہیں۔ القیسی عراق میں بدعنوانی کے خلاف جاری مہم میں بھی سرگرمی سے شریک ہیں۔ خاتون صحافی کے اغوا پر سیاسی تجزیہ کار کہتے ہیں کہ یہ عراق کی انتہائی کمزور سکیورٹی صورت حال کا مظہر بھی ہے۔
خاتون صحافی کے ساتھی اور بغداد میں صحافیوں کی تنظیم جرنلسٹک فریڈمز آبزرویٹری کے سربراہ زیاد عجیلی کا کہنا ہے کہ آٹھ نامعلوم حملہ آور دو پک اپس پر آئے اور وہ گھر کی تلاشی لینے کے بعد القیسی کو اپنے ساتھ لے گئے۔ عجیلی کے بقول لوگوں کے مطابق یہ لوگ سکیورٹی اداروں کے اہلکار معلوم ہوتے تھے۔
اس مناسبت سے یہ بھی اہم ہے کہ خاتون صحافی عَفرہ شوقی الحمودی القیسی کا ایک مضمون بغداد کے ایک مقامی اخبار میں شائع ہوا اور اس میں وزارتِ داخلہ کے ایک افسر کا احوال ہے۔ اس افسر نے ایک اسکول کے پرنسپل کو طلبہ اور دوسرے اساتذہ کے سامنے انتہائی بیدردی سے پیٹا تھا۔ یہ واقعہ عراق کے جنوبی شہر ناصریہ میں پیش آیا۔
عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے سکیورٹی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ خاتون صحافی کی فوری بازیابی کی ہر ممکن کوشش کریں۔ وزیراعظم نے سیدیہ علاقے کے لوگوں سے بھی اپیل کی کہ اگر اُن کے پاس اِس اغواء کی واردات کے حوالے سے کوئی بھی اطلاع ہے تو وہ سکیورٹی اداروں کو فراہم کریں۔
یہ امر اہم ہے کہ حالیہ ایام میں حیدر العبادی کی حکومت اپنی تمام توجہ موصل کا قبضہ چھڑانے کے عسکری آپریشن پر مرکوز کیے ہوئے ہے اور کئی علاقوں میں افراتفری اور لاقانونیت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ دارالحکومت بغداد میں بھی حکومتی سکیورٹی کو مشکلات کا سامنا ہے۔