1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عرب احتجاجی تحریکیں اور مغربی دُنیا کا طرزِ عمل

31 مارچ 2011

برلن میں منعقدہ ایک مباحثے میں کچھ اِس طرح کے سوالات پر غور کیا گیا کہ عرب دُنیا اور مشرقی افریقہ میں ابھرنے والی احتجاجی تحریکوں کا مستقبل کیا ہو گا اور مغربی دُنیا کس طرح سے تبدیلی کے اِس مشکل عمل میں مدد دے سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/10lCu
قاہرہ کے مرکز میں مظاہرےتصویر: dapd

جرمن دارالحکومت میں یہ مباحثہ گرین پارٹی سے نظریاتی قربت رکھنے والی ہائنرش بوئل فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام منعقد ہوا اور اِس میں لیبیا میں فوجی مداخلت کے فیصلے کے درست ہونے کا سوال بھی زیرِ بحث آیا۔

تیونس اور مصر میں آنے والے انقلابات کو تو جرمنی میں فراموش بھی کیا جا چکا ہے حالانکہ تیونس اور قاہرہ کے تحریر چوک سے آنے والی تصاویر ہفتوں تک ٹیلی وژن پر خبروں اور جائزوں کا موضوع رہی تھیں۔ بہرحال بن علی اور مبارک کی معزولی اب ہفتوں پرانی بات ہو چکی ہے اور انقلاب کی چنگاری ہمسایہ لیبیا تک پہنچ کر وہاں ایک خونریز خانہ جنگی کے آغاز کا بھی باعث بن چکی ہے۔ مغربی دُنیا کی فوجی مداخلت کے نتیجے میں عرب دُنیا کی احتجاجی تحریکیں ایک طویل بین الاقوامی تنازعے کی صورت اختیار کرتی نظر آتی ہیں۔

Karte Proteste Libyen
لیبیا کا نقشہ

اردن کے سیاسی امور کے ماہر معین ربانی کا کہنا تھا:’’مَیں سمجھتا ہوں، یہ بات بالکل قابلِ فہم ہے کہ لیبیا کے باغیوں نے پریشان ہو کر یورپی مداخلت کی درخواست کی۔ لیکن میرے خیال میں بالآخر مداخلت کا فائدہ کم اور نقصان زیادہ ہو گا۔ ہمیں اِس مداخلت کے طویل المدتی نتائج پر غور کرنا ہو گا۔ اگر یہ مداخلت بڑھ کر لیبیا پر ایک طویل قبضے کی شکل اختیار کر جائے تو مجھے اِس پر کوئی تعجب نہیں ہو گا اور اِس کے نتائج ناقابلِ اندازہ ہوں گے۔‘‘

ربانی کے خیال میں لیبیا کے باغیوں کی کسی اور طرح سے بھی مدد کی جا سکتی تھی مثلاً اُنہیں قذافی کے خلاف مسلح کیا جا سکتا تھا۔ اِس مباحثے میں الجزائر سے آئی ہوئی خاتون صحافی اور مصنفہ غانیہ موفوق نے بھی کچھ اِسی طرح کے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی نے مداخلت کے حق میں رائے نہ دے کر محتاط طرزِ عمل اختیار کیا۔ موفوق کے مطابق جنوبی امریکہ، پورے لاطینی امریکہ، چین اور روس نے بھی یہی کیا اور یوں چند ارب انسانوں نے جنگ کی مخالفت کی، پھر بھی اِسے بین الاقوامی اتحاد کا نام دیا جا رہا ہے۔

Puzzlebild Triptychon die arabische Welt in Aufruhr Dossierbild 3
الجزائر میں حکومت مخالف مظاہرےتصویر: AP

موفوق کہتی ہیں:’’جب یہ احتجاجی تحریکیں زوروں پر تھیں، تب فرانس میں ساری توجہ اِس سوال پر مرکوز کی جا رہی تھی کہ کہیں یہ تحریکیں ہمارے استحکام کو تو خطرے سے دوچار نہیں کریں گی؟ کہیں مسلمان انتہا پسند تو مزید مضبوط نہیں ہو جائیں گے؟ کہیں اسرائیل تو خطرے سے نہیں دوچار ہو جائے گا؟ ہمیں تیل تو کافی مقدار میں ملے گا ناں؟ ہمیں تارکینِ وطن کے سیلاب کا تو سامنا نہیں کرنا پڑے گا؟ یہ وہ یکطرفہ سوچ ہے، جو ہمارے ہاں نفرت کو جنم دیتی ہے۔ تب اچانک ہم سوچنے لگتے ہیں کہ کیا مَیں، میرے بچے اور اُن کی آئندہ نسل محض اِس لیے دُنیا میں آئی ہے کہ مغربی دُنیا میں لوگ استحکام کے حالات میں زندگی گزار سکیں؟‘‘

یورپ اور امریکہ میں درحقیقت سنجیدگی کے ساتھ اِس موضوع پر بحث ہوتی رہی ہے کہ آیا مشرقِ وُسطیٰ کی اَقوام واقعی اِس قابل ہیں کہ وہاں جمہوریت آ سکے۔ یہ طرزِ فکر نوآبادیاتی دور کی یاد دلاتی ہے، جب سفید فام قابض اَقوام اِس موضوع پر بحث کیا کرتی تھیں کہ آیا افریقہ کے سیاہ فام واقعی انسان بھی ہیں۔

Bahrain Karzakan Beerdigung Proteste Flash-Galerie
بحرین میں سکیورٹی دستوں کے ساتھ جھڑپوں میں مرنے والوں کی آخری رسوماتتصویر: dapd

برلن میں سائنسی علوم اور سیاست کی فاؤنڈیشن سے وابستہ مُوریل آسے بُرگ نے عرب دُنیا کی احتجاجی تحریکوں کے لیے مغربی دُنیا کی زیادہ حمایت پر زور دیتے ہوئے کہا:’’اب تک ہم جو کچھ کر رہے ہیں، وہ اُس سے کہیں کم ہے، جو ہمیں اپنی اَقدار اور اپنے تصورات کے مطابق اِس علاقے میں کرنا چاہیے تھا۔‘‘

آسے بُرگ نے اسرائیلی فلسطینی تنازعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مغربی دُنیا اگر اپنی ساکھ برقرار رکھنا چاہتی ہے تو اُسے وہی مطالبے اسرائیل سے بھی کرنے چاہییں، جو وہ عرب حکمرانوں سے کرتی رہتی ہے۔

رپورٹ: بیٹینا مارکس / امجد علی

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید