عرب لیگ کی جانب سے لیبیا میں فوجی کارروائی کے امکان کی مخالفت
2 مارچ 2011عرب لیگ کی جانب سے لیبیا کے رہنما معمر قذّافی کے خلاف کسی بھی نوعیت کی بیرونی فوجی کارروائی کی مخالفت کی گئی ہے۔ عرب ممالک کے وزراء کا کہنا ہے کہ لیبیا کا بحران عرب خطّے کا اندرونی معاملہ ہے اور اس حوالے سے کسی بھی بیرونی کارروائی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
عرب لیگ کا یہ بیان امریکہ کی جانب سے سوئز کینال کی جانب اپنے بحری بیڑوں کو روانہ کرنے کے اقدام کے ردِ عمل کے طور پرسامنے آیا ہے۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ یہ بحری بیڑے لیبیا میں انسانی بحران سے نمٹنے اور امدادی کارروائیوں کے لیے بھیجے گئے ہیں۔
لیبیا کے رہنما معمر قذافی نے ایک مرتبہ پھر مغربی ممالک اور امریکہ پر لیبیا کی صورتِ حال کو خراب کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
عرب ممالک کے وزرائے خارجہ نے امید ظاہر کی کہ لیبیا کے مختلف علاقے خانہ جنگی کے باوجود یک جہت رہیں گے۔
واضح رہے کہ عرب لیگ لیبیا کی رکنیت پہلے ہی معطل کر چکی ہے۔
رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: امتیاز احمد