1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’علاقائی سالمیت‘ کی حفاظت کرنا جانتے ہیں، چینی فضائیہ

31 جولائی 2022

چینی فضائیہ کے حکام نے تائیوان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ’علاقائی سالمیت‘ کی حفاظت کر سکتے ہیں۔ چین نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے، جب امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر ایشیائی ممالک کا دورہ کر رہی ہیں۔

https://p.dw.com/p/4EvAz
F-35C Lightning II
تصویر: Lockheed Martin/ZUMA/IMAGO

چینی عسکری حکام نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے، جب تائیوان اور چین کے مابین کشیدگی میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ چینی فضائیہ کے ایک ترجمان نے اتوار کو کہا کہ چین ''قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا مکمل تحفظ کرے گا۔‘‘

فضائیہ کے ترجمان شین جِنکے نے ایک فوجی ایئر شو میں اعلان کرتے ہوئے کہا، '' فضائیہ کے پاس کئی قسم کے لڑاکا طیارے موجود ہیں، جو ہماری مادر وطن کے قیمتی جزیرے کو حصار میں لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔‘‘ 

چین کا سخت ردعمل

بیجنگ حکومت کی طرف سے ایسے سخت بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آ رہے ہیں، جب یہ خبریں سامنے آئی ہیں کہ امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی چار ایشیائی ممالک کا دورہ شروع کر رہی ہیں۔ امریکی صدارتی جانیشنی کے سلسلے میں نینسی تیسری اہم ترین شخصیت ہیں۔

تائیوان چین تنازعہ کیا ہے؟

قبل ازیں ایسی اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ وہ تائیوان کا دورہ بھی کر سکتی ہیں اور ایسی افواہوں کے منظر عام پر آنے کے بعد سے حالات کشیدہ ہیں۔ چین اس حوالے سے امریکہ کو متعدد بار خبردار کر چکا ہے۔

چین جمہوری حکومت والے تائیوان کو اپنا ایک صوبہ قرار دیتا ہے۔

قبل ازیں گزشتہ جمعرات کو چینی صدر شی جن پنگ نے تائیوان کے لیے امریکی حمایت کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے امریکی ہم منصب کو فون پر متنبہ کیا تھا کہ وہ 'ون چائنا پالیسی‘ کا احترام کریں۔ ساتھ ہی ان کا خبردار کرتے ہوئے کہنا تھا، ''آگ سے کھیلنے والے آخرکار خود جل جائیں گے۔‘‘

Sprecherin des US-Repräsentantenhauses Pelosi
امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسیتصویر: J. Scott Applewhite/AP/dpa

ہفتے کے روز چین نے تائیوان کے سامنے اپنے ساحل پر 'لائیو فائر‘ فوجی مشقیں شروع کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔ آبنائے تائیوان میں فوجی مشقوں کے اس اعلان سے قبل بیجنگ نے واشنگٹن کو خبردار کیا تھا کہ امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے اپنے دورہ ایشیا کے دوران اگر تائیوان کا دورہ کیا تو اس کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔

نینسی پیلوسی کا دورہ ایشیا

اتوار کو امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے دفتر نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کانگریس کے ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے سینگاپور، ملائیشیا، جنوبی کوریا اور جاپان  کا دورہ کریں گی۔ اس بیان میں اس بات کا بالکل تذکرہ نہیں کیا گیا کہ آیا یہ چھ رکنی وفد تائیوان بھی جائے گا۔

جاری ہونے والے بیان میں مزید کہا گیا ہے، '' اس دوران باہمی سلامتی، اقتصادی شراکت داری اور انڈو پیسیفک خطے میں جمہوری طرز حکمرانی جیسے امور پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔‘‘

ا ا / ر ب (ڈی پی اے، روئٹرز)