عمران خان نے خاموشی توڑ دی
9 جنوری 2018سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر عمران خان نے ٹوئٹس کے ذریعے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس تمام معاملے پر ہونے والی ہلچل ہر حیرت کا اظہار کیا ہے۔
چھ حصوں میں کی جانے والی اپنی ٹوئٹس میں ان کا کہنا تھا ، ’’تین دن سے اس کشمکش میں ہوں کہ کیا میں نے کوئی بینک ڈکیتی کی ہے، منی لانڈرنگ کی ہے یا ماڈل ٹاؤن سانحے کے آپریشن کے احکامات دیے یا پھر میں نے ریاستی معلومات بھارت کو فراہم کی ہیں؟ میں نے ایسا کچھ نہیں کیا لیکن اب معلوم ہوا ہے کہ میں نے اس سے بڑا جرم کیا ہے، میں نے صرف شادی کی خواہش کی ہے۔‘‘
اپنی دوسری ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا، ’ نواز شریف اور میر شکیل الرحمان کی جانب سے چلائی جانے والی گندی میڈیا مہم سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ عزت اور ذلت دینا خدا کے ہاتھ میں ہے۔‘‘
عمران خان کا مزید کہنا تھا، ’’مجھے اگر فکر ہے تو اپنے بچوں کی ہے اور بشریٰ بیگم کے قدامت پسند خاندان کی ہے، جو نواز شریف اور میر شکیل الرحمان کے چلائے جانے والے اس پروپیگنڈے سے براہ راست متاثر ہو رہے ہیں۔‘‘
اپنی ٹوئٹس میں عمران خان کا مزید کہنا تھا، ’’نواز شریف اور میر شکیل الرحمان جان لیں کہ ان دونوں کی اس حرکت سے میرا ان کے خلاف لڑنے کا جذبہ مزید مستحکم ہوگیا ہے۔‘‘
تحریک انصاف کے چیرمین مذید لکھتے ہیں ، ’’میں شریف خاندان کو 40 سالوں سے جانتا ہوں اور ان کی ذاتی زندگیوں کی تمام تفصیلات مجھے معلوم ہیں لیکن اس طرح سے ذاتیات پر کبھی نہیں اترا کہ ان کی ذاتی زندگی پر کیچڑ اچھالوں۔‘‘
اپنی آخری ٹوئٹ میں عمران خان لکھتے ہیں، ’’اپنے مداحوں اور خیرخواہوں سے صرف یہ درخواست کروں گا کہ وہ دعا کریں کہ گزشتہ چند سالوں سے جس ذاتی خوشی سے محروم ہوں، وہ مجھے مل جائے۔‘‘
یاد رہے کہ ایک میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ عمران خان نے بشری مانیکا نامی خاتون سے تیسری شادی کر لی ہے، جس کے بعد ملکی میڈیا میں ہر طرف یہ بات موضوع گفتگو بنا رہا۔ تاہم عمران خان کی شادی کی خبروں کے حوالے سے تحریک انصاف کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ عمران خان نے بشریٰ مانیکا سے شادی نہیں کی بلکہ شادی کا پیغام بھیجا ہے۔