1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

'عمران خان نے سکھوں کے دل جیت لیے ‘

12 نومبر 2019

کئی سکھ تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کو کرتارپور راہ داری کھولنے اور سکھ برادری کو بغیر ویزا کے گرو نانک کے گردوارے کا دورہ کرنے کی اجازت دیے جانے پر نوبل امن انعام دیا جائے۔

https://p.dw.com/p/3SrdP
تصویر: DW/T. Shahzad

دنیا بھر میں سکھ برادری کرتارپور میں اپنے مذہبی پیشوا گرو نانک کے گردوارے کی زیارت کرنے کی شدید خواہش رکھتی تھی۔ اب جب پاکستان کی جانب سے کرتارپور راہ داری کھول دی گئی ہے، دنیا بھر سے سکھ یاتری اس گردوارے کا دورہ کر رہے ہیں۔ ایسے میں خالستان تحریک کی تنظیم ’جسٹس فار سکھ‘ سمیت کئی سکھ تنظیموں کی جانب سے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کو نوبل امن انعام دیے جانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

’عمران خان کے لیے دعا گو ہیں‘

پاکستان دورے پر آئے کئی سکھ یاتریوں کا یہ  بھی کہنا ہے کہ عمران خان کی جانب سے کرتارپور راہ داری کے کھولے جانے اور سکھوں کو بغیر ویزا کے گرو ناناک کی 550 ویں سالگرہ کے موقع پر گردوارے آنے کی اجازت دینا ایک تاریخی فیصلہ ہے۔ ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے گردوارہ جنم استھان کے سربراہ  بلونت سنگھ گرانتی کا کہنا تھا،'' پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے ایک انوکھا کام کیا ہے جس نے دنیا بھر میں سکھوں کے دل جیت لیے ہیں۔ ہم عمران خان کی عمر اورصحت اور کامیابی کے لیے دعا کرتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کا نام اونچا کیا ہے۔ وہ کام جو دس یا پانچ سال  میں ہونا تھا وہ کام انہوں نے ایک سال میں کر دکھایا۔‘‘

کئی سکھ یاتریوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ  تمام عمر گرو نانک کے گردوارے  میں عبادت کرنے کی خواہش کرتے رہے ہیں اور بالآخر ان کی خواہش پوری ہو گئی ہیں۔ سکھوں کی کئی تنظیموں کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ نوبل کمیٹی کو خط تحریر کریں گے اور عمران خان کو نوبل امن انعام دیے جانے کی سفارش کریں گے۔

ب ج، ا ا 

بھارتی سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری