1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عمران خان نے کرتارپور راہ داری کا سنگ بنیاد رکھ دیا

بینش جاوید
28 نومبر 2018

پاکستان کے وزیراعظم نے آج کرتارپور میں بھارت اور پاکستان کے درمیان پہلی ’ویزا فری‘ راہ داری کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ اس تقریب میں بھارتی وزراء نے بھی شرکت کی۔

https://p.dw.com/p/392du
Öffnung Kartarpur-Korridor zwischen Indien und Pakistan
تصویر: AFP/Getty Images/N. Nanu

اس تقریب میں وزیر اعظم کے ہمراہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل  قمر جاوید باجوہ اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی شرکت کی۔  بھارتی وفد جس میں بھارت کی وزیر خوراک ہرسیمرت کور  بادل،  وزیر ہاؤسنگ ہردیپ ایس پوری کے علاوہ بھارتی پنجاب کی کابینہ کے وزیر نوجوت سنگھ سدھو شامل ہیں۔ اس موقع پر بھارت خاتون وزیر ہرسیمرت کور  بادل نے ٹویٹ میں لکھا،’’ کرتارپور راہ داری کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت میرے لیے ایک بہت جذباتی لمحہ ہے۔ میں  اس موقع کے لیے گورو نانک صاحب کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔‘‘

ہرسیمرت کور  بادل نے پاکستان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کرتار پور راہداری کا کھلنا بتاتا ہے کہ گرونانک ہم پر مہربان ہیں،آج بابا گرونانک کے معجزے نے دونوں ملکوں کے درمیان کام کردیا ہے۔ انہوں نے کہا  کہ آج بہت جذباتی ہوں، خوابوں میں بھی نہیں سوچا تھا کہ کرتار پور جاسکوں گی۔

 پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے اس حوالے سے اپنی ٹویٹ میں لکھا،’’ ہم امن کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ پاکستان کے لیے بہت بڑی کامیابی اور سکھوں کے خوابوں کی تعبیر۔‘‘ پاکستانی میڈیا پر شائع ہونے والی رپورٹوں کے مطابق بھارتی حکومت گورداس پور میں قائم ڈیرا بابا نانک سے پاکستانی سرحد تک راہ داری کی تعمیر کرے گی جبکہ پاکستانی حکومت بارڈر سےگوردوار کرتارپور تک راہ داری کی تعمیر کی ذمہ دار ہو گی۔