1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عمران خان کے دورے سے تعاون کے نئے باب کا آغاز ہوگا، چین

30 اکتوبر 2018

چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے آئندہ دورے سے دونوں ملکوں کے مابین نئے حالات کے تحت دو طرفہ ترقی، تعلقات اور تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز ہو گا۔

https://p.dw.com/p/37MSN
Pakistan - Oppositionspolitiker Imran Khan in seinem Anwesen in Bani Gala
تصویر: Reuters/C. Firouz

پاکستانی وزیر اعظم عمران خان دو نومبر کو اپنے چینی ہم منصب لی کیچیانگ کی دعوت پر اس ملک کا دورہ کر رہے ہیں۔ چینی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان لی کیکیانگ کے مطابق اس دوران عمران خان شنگھائی میں چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو (سی آئی آئی ای) میں بھی شرکت کریں گے۔ عمران خان اپنے دورے کے دوران چینی صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کریں گے۔

چینی حکومت کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق دونوں ملکوں کے رہنما دو طرفہ تعاون، مسائل اور مشترکہ مفادات کے حوالے سے تفصیلی مذاکرات کریں گے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس چینی حکومتی بیان سے پاکستان میں ایسی افواہوں کا خاتمہ ہو سکے گا کہ چین پاکستان کی نئی حکومت سے خوش نہیں ہے۔

Merkel und Ministerpräsident der Volksrepublik China Li Keqiang im Bundeskanzleramt Berlin
پاکستانی وزیر اعظم عمران خان دو نومبر کو اپنے چینی ہم منصب لی کیچیانگ کی دعوت پر اس ملک کا دورہ کر رہے ہیںتصویر: DW/Irfan Aftab

چین کے کاروباری مرکز شنگھائی میں آئندہ ہفتے درآمدات کے حوالے سے منعقد ہونے والی اس بڑی نمائش میں اٹھارہ ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے جبکہ عمران خان اس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہو رہے ہیں۔ اس ایکسپو کی افتتاحی تقریب کے دوران ایک اہم تقریر بھی کریں گے۔

چینی عہدیداروں نے ایک مرتبہ پھر اس عزم کو دہرایا ہے کہ بین الاقوامی اور مقامی صورتحال میں تبدیلی سے دونوں ممالک کے تعلقات متاثر نہیں ہوں گے۔

چینی وزارت خارجہ نے بتایا کہ اس نمائش میں چیک جمہوریہ، کیوبا، ڈومینیکن ریپبلک، کینیا، لیتھوانیا، پاناما، سلواڈور، سوئٹزرلینڈ، کُکس آئی لینڈ، کروشیا، مصر، ہنگری، جارجیا، لاؤس، مالٹا،پاکستان، ویت نام اور روس کے رہنما شرکت کریں گے۔

بیجنگ حکومت کے ایک بیان کے مطابق چین کی طرف سے اتنے بڑے پیمانے پر تجارتی نمائش کا انعقاد اس عزم کو ظاہر کرتا ہے کہ بیجنگ حکومت اپنا تجارتی دائرہ کار مزید وسیع اور چین کی ترقی سے دیگر ممالک کو بھی مستفید کرنا چاہتی ہے۔ آئندہ ہفتے شنگھائی میں ہونے والی درآمدات سے متعلق اس نمائش کا اعلان چینی صدر شی جن پنگ نے سن دو ہزار سترہ میں کیا تھا۔

ا ا / ع ب ( نیوز ایجنسیاں)