1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عمران لارڈز میں لیکچر دیں گے: ایم سی سی

18 دسمبر 2009

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان آئندہ سال لارڈز میں ’اسپرٹ آف کرکٹ کوڈری‘ لیکچر دیں گے۔ اس طرح عمران پہلے پاکستانی کرکٹر بن جائیں گے، جنہیں یہ اعزاز حاصل ہوگا۔

https://p.dw.com/p/L87v
عمران پہلے پاکستانی کرکٹر بن جائیں گے، جنہیں یہ اعزاز حاصل ہوگاتصویر: AP

عمران سے پہلے معروف کرکٹ مبصر جیفری بائیکاٹ، جنوبی افریقہ کے آرچ بشپ ڈیسمنڈ ٹوٹو اور سابق آسٹریلوی وکٹ کیپر ایڈم گلکسرٹ MCC ’اسپرٹ آف کرکٹ کوڈری‘ لیکچرز دے چکے ہیں۔

آئندہ سال لارڈز کے میدان پر پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مجوزہ ٹیسٹ میچ کے اختتام بعد عمران خان انیس جولائی کو اپنا لیکچر دیں گے۔ عمران خان نے اپنے اکیس سالہ ٹیسٹ کیریئر میں 362 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے تقریباً 38 کی اوسط سے چھ سنچریوں کی بدولت3,807 رنز بھی بنائے۔ عمران خان کا شمار دنیا کے بہترین آل راوٴنڈرز میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کرکٹ کے ون ڈے فارمیٹ میں 182 وکٹیں حاصل کیں اور 33 کی اوسط سے 3,709 رنز بنائے۔

ستاون سالہ عمران خان اس وقت پاکستان میں تحریک انصاف نامی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں۔ ’ایم سی سی‘ کے صدر جان بارکلے خود بھی ستر اور اسی کی دہائیوں میں عمران خان کے ہمراہ کھیل چکے ہیں۔ بارکلے کے مطابق عمران خان ہمیشہ سے ہی اپنی آرا ء کا برملا اظہار کرنے کے لئے جانے پہچانے جاتے رہے ہیں، اس وجہ سے جولائی میں ان کا لیکچر کئی لحاظ سے بڑا ہی دلچسپ ہوگا۔’’عمران خان کے انیس جولائی کے لیکچر میں سب کو کرکٹ کے بارے میں ان کے وسیع علم اور تجربے کا بخوبی اندازہ ہوگا۔‘‘

خبر رساں ادارے/گوہر نذیر گیلانی

ادارت: امجد علی