عید کا موقع لیکن پاکستانی سیاست دان ملک سے باہر
6 جولائی 2016وزیراعظم نواز شریف اپنی بیماری کے باعث پہلے ہی لندن میں موجود ہیں۔ قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق بھی ایک دورے پر جرمنی آئے ہوئے ہیں۔ مقامی میڈیا میں ایسے خبریں آئیں کہ مریم نواز شریف بھی عید پر لندن جائیں گی تاہم انہوں نے ٹوئٹ کے ذریعے اس بات کی تردید کر دی اور کہا کہ وہ لاہور میں ہی عید منائیں گئی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری اپنی بہنوں بختاور اور آصفہ کے ہمراہ لندن پہنچ چکے ہیں۔ بلاول بھٹو نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے پاکستانی عوام کو عید کی مبارک باد دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ قومی مومنٹ کے رہنما وسیم اختر بھی لندن میں عید منائیں گے تاہم سینیئر پارٹی لیڈر فارق ستار عید کے موقع پر کراچی میں ہی ہوں گے۔
سوشل میڈیا پر کئی افراد نے اس بات کو تنقید کا نشانہ بنایا کہ خوشی کے اس موقع پر سیاست دان ملک سے باہر ہیں۔
سوشل میڈیا کے ایک صارف نے لکھا کہ آرمی چیف وزیرستان میں فوجی جوانوں کے ساتھ عید منا رہے ہیں لیکن سیاست دان اس موقع پر ملک سے باہر ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان لاہور میں اپنے آبائی گھر میں اپنی بہنوں کے ہمراہ عید منا رہے ہیں۔
ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ سیاست دان عید کی چھٹیاں ملک سے باہر منائیں گے۔ اس سے پہلے بھی اہم تعطیلات وہ بیرون ملک ہی گزارتے رہے ہیں۔