1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمشرق وسطیٰ

غزہ سے مصر کے راستے غیر ملکیوں کا انخلا شروع

1 نومبر 2023

امریکہ اور قطر نے غیر ملکیوں اور زخمیوں کے انخلا کے معاہدے کو یقینی بنانے میں تعاون کیا۔ اسی دوران غزہ میں عام شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے امریکی صدر جو بائیڈن نے اردن کے شاہ عبداللہ سے تبادلہ خیال کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4YHOz
Gazastreifen, Rafah | Grenzübergang zu Ägypten
تصویر: Mohammed Abed/AFP/Getty Images

اسرائیل اور عسکریت پسند فلسطینی گروہ حماس کے مابین جاری جنگ میں پہلی بار غیر ملکی پاسپورٹوں کے حامل درجنوں افراد غزہ سے رفح بارڈر کراسنگ کے ذریعے مصر میں داخل ہوئے۔ بدھ یکم نومبر کو ان افراد  کوغزہ کے محصور علاقے سے نکلنے کی اجازت دی گئی۔

خبر رساں اداروں اے پی اور اے ایف پی نے بدھ کے روز غیر ملکی پاسپورٹوں والے افراد کو مصر اور غزہ کے درمیان بارڈر کراسنگ سے گزرتے دیکھا۔ نیوز ایجنسی روئٹرز نے لکھا ہے کہ غزہ سے محدود انخلا کی اجازت دیے جانے کے عمل میں قطر اور امریکہ نے مشترکہ طور مصر، اسرائیل اور حماس کے درمیان معاہدے کے لیے تعاون کیا۔

Gazastreifen, Rafah | Grenzübergang zu Ägypten
اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری تنازعے کے تین ہفتوں کے دوران پہلی مرتبہ رفح بارڈر کراسنگ سے لوگوں کا انخلا کیا گیا ہےتصویر: Mohammed Abed/AFP/Getty Images

اس معاہدے کے تحت غیر ملکی پاسپورٹ ہولڈرز اور کچھ شدید زخمی افراد کو جنوبی غزہ سے نکلنے کی اجازت دی گئی ہے۔

روئٹرز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ جنگ زدہ علاقے سے لوگوں کے انخلا کے لیے سرحد کے کھلے رہنے کی کوئی ڈیڈ لائن نہیں ہے۔ اے ایف پی کے مطابق بدھ کے روز غزہ کے سینکڑوں زخمی رہائشی اور غیر ملکی شہری کراسنگ پر جمع ہوئے تھے، جو جنگ سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

مصر اور غزہ کے درمیان رفح کراسنگ سے کئی امدادی قافلے تو گزر چکے ہیں لیکن اب تک کسی بھی شخص کو یہاں سے گزرنے کی اجازت نہیں تھی۔ اطلاعات کے مطابق اجازت ملنے کے بعد آج تقریبا 545 غیر ملکیوں اور دوہری شہریت کے حامل افراد کے علاوہ قریب 90 بیمار اور زخمی افراد مصر میں داخل ہوں گے۔

Washington White House Biden Rede Israel Ukraine
امریکی صدر جو بائیڈنتصویر: Jonathan Ernst/AFP

صدر بائیڈن اور شاہ عبدا للہ کا غزہ پر تبادلہ خیال

امریکی صدر جو بائیڈن نے اردن کےشاہ عبداللہ ثانی کے ساتھ غزہ میں شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا اور اس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا کہ ''فلسطینیوں کو غزہ سے باہر زبردستی بے گھر نہ کیا جائے۔‘‘ وائٹ ہاؤس نے کہا کہ فون پر ہونے والی اس بات چیت میں دونوں سربراہان نے غزہ پٹی میں عام شہریوں کے لیے امداد بڑھانے کے اپنے مشترکہ عزم پر بھی زور دیا۔

امریکی ایوان صدر کے مطابق دونوں لیڈروں نے ''تشدد روکنے، بیان بازی کی شدت میں کمی لانے اور علاقائی کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا۔‘‘ صدر بائیڈن نے اردن اور شاہ عبداللہ  کی قیادت کے لیے امریکہ کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

ش ر ⁄ اب ا (اے ایف پی، روئٹرز، اے پی)

مصر اور اردن اپنے ہاں فلسطینی مہاجرین کیوں نہیں چاہتے؟