فارمولا ون موٹر ریسنگ: موناکو میں جینسن بٹن کی فتح
25 مئی 2009اس دوڑ میں دوسرے نمبر پر جینسن بٹن ہی کے ساتھی اور براؤن مرسیڈیز ٹیم کے برازیل سے تعلق رکھنے والے تجربہ کار ڈرائیور روبن باری چیلو رہے۔
تیسری پوزیشن فن لینڈ سے تعلق رکھنے والے اٹلی کی فیراری ٹیم کے ڈرائیور کیمی رائیکونن نے حاصل کی اور انہی کے برازیل سے تعلق رکھنے والے ساتھی ڈرائیور فیلیپے ماسا چوتھے نمبر پر رہے۔
فارمولا ون موٹر ریسنگ کی امسالہ عالمی چیمپئین شپ میں حصہ لینے والے ڈرائیوروں میں سے اب تک برطانوی ڈرائیور جینسن بٹن ہی اپنے 51 پوائنٹس کے ساتھ مجموعی طور پر باقی تمام ڈرائیوروں سے آگے ہیں۔
دوسرے نمبر پر برازیل کے روبن باری چیلو ہیں جن کے پوائنٹس کی تعداد 35 بنتی ہے جبکہ تیسری پوزیشن پر ریڈ بل ٹیم کے جرمنی سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور سیباستیان فیٹل ہیں جو اب تک 23 پوائنٹ حاصل کرچکے ہیں۔
فارمولا ون میں اپنی موٹر گاڑیاں تیار کرنے والی مختلف ٹیموں اور چیمپئین شپ میں شامل کنسٹرکٹرز میں سے موناکو گراں پری کے بعد براؤن مرسیڈیز کی ٹیم 86 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، ریڈ بل رینو کی ٹیم 42.5 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور ٹویوٹا کی ٹیم 26.5 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
فورس انڈیا مرسیڈیز فارمولا ون مقابلوں میں حصہ لینے والی وہ واحد ٹیم ہے جس کے ڈرائیور اب تک ہونے والی دوڑوں میں کوئی ایک بھی پوائنٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔