1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فارمولا ون کا ’چاند‘ اب ’ستارے‘ والی گاڑی میں

23 دسمبر 2009

سات مرتبہ فارمولا ون چیمپیئن بننےکا اعزاز حاصل کرنے والےجرمن ڈرائیور مشائیل شوماخر نے اس کھیل سے اپنی ریٹائر منٹ کا فیصلہ اب واپس لے لیا ہے۔ شوماخر نے مرسڈیز کے ساتھ معاہدے کی تصدیق کر دی ہے۔

https://p.dw.com/p/LCTx
مشائیل شو ماخر مرسیڈیز ٹیم کا حصہ بننے پر بہت خوش ہیں۔تصویر: AP/DW-Montage

مرسیڈیز کے ذرائع نے بھی شوماخر کی فارمولا ون میں واپسی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چالیس سالہ سٹار اگلے برس سے مرسیڈیز ٹیم کا حصہ ہونگے۔ اگلے سیزن کی فارمولا ون ریس مارچ 2010ء میں بحرین میں منعقد ہو گی۔ شوماخر نے اپنے ابتدائی ردعمل میں کہا کہ وہ اب اس ٹیم کا حصہ ہیں، جس نے گزشتہ برس کے دونوں ٹائٹل جیتے ہیں۔’’اس سے اچھی کیا بات ہو گی کہ مرسیڈیز آپ کا پارٹنر بھی ہے اور ٹیم اوونر بھی۔‘‘

جرمن اخبار’بلڈ‘ نے لکھا ہے کہ مرسیڈیز نے شوماخر کو اس معاہدے کے عوض سات ملین یورو ادا کئے ہیں۔ شوماخر فارمولا ون ریسنگ سےدوہزار چھ میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے تھے۔ مایہ ناز کار ریسرگراں پری ریسنگ مقابلوں میں اکیانوے بار کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔ اس سوال کے جواب میں کہ آخر تین سال کے وقفے کے بعد انہوں نے فارمولا ون میں واپسی کا فیصلہ کیوں کیا، شوماخرکا کہنا تھا کہ جرمن فارمولا ون ٹیم کے آئڈیا نے انہیں بہت متاثر کیا اور اس ٹیم سے منسلک Ross Brawn نے بھی اس حوالے سے اہم کردار ادا کیا ہے۔’’اس کے ساتھ ساتھ ریسنگ کے شوق کا بھی اس میں عمل دخل ہے۔‘‘

اس سے قبل رواں برس موسم گرما میں ہنگیرین گراں پری کے کوالیفائنگ ریس کے دوران فیراری ٹیم کے ڈرائیور فلیپے ماسا کے حادثے میں زخمی ہوجانے پر مشائیل شوماخر فیراری ٹیم کے لئے دوبارہ فارمولاون میں آنے کا اعلان کر چکے تھے۔ شوماخر کو رواں ماہ کی 23 تاریخ کو یورپین گرینڈ گراں پری میں حصہ لینا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ وہ گردن میں شدید تکلیف پر قابو پانے میں ناکام رہے ہیں، جس کے باعث فارمولا ون میں ان کی واپسی فی الحال مشکل ہے۔

شوماخر کا مزید کہنا ہےکہ وہ ریسنگ کے لئے فٹ بھی ہیں اور اپنے نئے فیصلے پر مطمئن بھی!

شوماخر کو ورلڈ ڈرائیونگ چیمپیئن شپ سات مرتبہ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ وہ کچھ سال قبل باقاعدہ ڈرائیونگ سے ریٹائر ہونے کے بعد فراری موٹر کار کے ساتھ بطور ایڈوائزر منسلک رہے۔ اِس معاہدے کے تناظر میں شوماخر باقاعدگی سے بھرپور تربیتی عمل سے گزرتے رہے۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت : گوہر نذیر گیلانی