1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فاطمہ بھٹو فِکشن پرائز کے لیے نامزد

امتیاز احمد7 مارچ 2014

پاکستانی مصنفہ اور مرتضیٰ بھٹو کی بیٹی فاطمہ بھٹو کو خواتین کے فِکشن پرائز کے لیے نامزد کر دیا گیا ہے۔ ججوں کے مطابق فاطمہ بھٹو سمیت دنیا بھر سے بیس خواتین کو نامزد کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1BLWD
تصویر: picture-alliance/dpa

اس فِکشن ایوارڈ کو ’اورنج پرائز‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اور دنیا بھر میں انگریزی ناول لکھنے والی خواتین اس ايوارڈ کے حصول کے ليے مقابلے میں شرکت کر سکتی ہیں۔ اس انعام کے لیے فاطمہ بھٹو کی نامزدگی ان کے ناول ’’دی شیڈو آف دا کریسنٹ مون‘‘ کے حوالے سے کی گئی ہے۔ فاطمہ بھٹو حقائق پر مبنی پہلے بھی متعدد کتابیں لکھ چکی ہیں لیکن یہ ان کا پہلا ناول ہے۔

سسی بھٹو (بائیں جانب) اور فاطمہ بھٹو
تصویر: Abdul Sabooh

یہ ایوارڈ جیتنے والی مصنفہ کے نام کا اعلان چار جون کو لندن میں رائل فیسٹیول ہال میں کیا جائے گا۔ اس ایوارڈ کے ساتھ ساتھ تیس ہزار پاؤنڈ يعنی تقریبا باون لاکھ روپے کی انعامی رقم بھی ادا کی جاتی ہے۔

فاطمہ بھٹو نظموں کے مجموعے ’وسپرز آف ڈیزرٹ‘ (صحرا کی سرگوشیاں) اور ’سونگز آف بلڈ اینڈ سورڈ‘ ( لہو اور تلوار کے گیت) بھی لکھ چکی ہیں۔ اپنی یاداشتوں پر مبنی کتاب ’’لہو اور تلوار کے گیت‘‘ میں انہوں نے اپنے والد کی ہلاکت کی اخلاقی ذمہ داری مقتول بے نظیر بھٹو پر عائد کی ہے۔ اپنی پھوپھی یعنی بے نظیر بھٹو سے مشابہت رکھنے والی فاطمہ نے اس کتاب میں اپنی آنٹی پر اقتدار کی ہوس رکھنے اور اپنے ہی بھائی میر مرتضٰی بھٹو کے قتل کی ذمہ داری جیسے الزامات لگائے ہیں۔

پاکستان کے مقبول سیاسی خاندان ’’بھٹو‘‘ کو اس وقت غم کے بادلوں نے اپنی لپیٹ میں لیا جب پاکستان کے پہلے منتخب وزیر اعظم ذولفقار علی بھٹو کو 1979ء میں جنرل ضیاء الحق کی فوجی آمریت کے دوران پھانسی دے دی گئی۔ اس کے بعد کی ہر دہائی میں بھٹو خاندان کے کسی نہ کسی فرد کی ناگہانی ہلاکت ہوئی۔

سابق پاکستانی وزیر اعظم ذوالفقار بھٹو کی پوتی فاطمہ بھٹو متعدد مرتبہ کہہ چکی ہیں کہ وہ سیاست کے میدان میں داخل نہیں ہونا چاہتیں بلکہ مصنفہ کے طور پر اپنی شناخت چاہتی ہیں۔

انیسویں اورنج پرائز کے لیے نیوزی لینڈ کی ایلینر کیٹن کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ یہ مصنفہ سن 2013ء میں بُکر پرائز بھی جیت چکی ہیں۔ پانچ رکنی خواتین ججوں کی سربراہی ’پینگوئن بُکس یو کے‘ کی مینیجنگ ڈائریکٹر ہیلن فریزر کر رہی ہیں۔ ہیلن فریزر کا کہنا تھا،’’یہ اعلیٰ ترین معیار کی کتابوں کا ایک بہت اچھا انتخاب ہے۔ منتخب کتابیں پڑھنے والے کو اپنے سحر میں گرفتار کر لیتی ہیں۔‘‘