فرانس: جہادیوں کے دس بچوں کی وطن واپسی
22 جون 2020پیرس حکومت نے کہا کہ وہ شام کے ایک مہاجر کیمپ سے راتوں رات جنگجوؤں کے 10 فرانسیسی بچوں کو گھر لے آئی۔ یہ مارچ 2019 ء میں اسلامک اسٹیٹ گروپ کے شام کے اڈے سے بے دخل ہونے کے بعد سے فرانسیسی بچوں کی وطن واپسی کا تازہ ترین واقعہ ہے۔
وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا، ''فرانس نے دس فرانسیسی نابالغوں ، یتیموں یا انسانیت سوز صورتحال کا شکار ہونے والوں کی وطن واپسی کو ممکن بنایا ہے، جو شام کے شمال مشرق میں کیمپوں میں تھے۔‘‘
وزارت خارجہ کے اس بیان میں مزید کہا گیا،''ان بچوں کو فرانسیسی عدالتی حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ان کا مکمل طبی علاج کیا جا رہا ہے اور انہیں ضروری معاشرتی خدمات فراہم کی گئی ہیں۔‘‘ تاہم فرانسیسی وزارت نے ان بچوں کے والدین سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
اس طرح فرانس نے اب جنگ زدہ شام سے کل 28 بچوں کو وطن واپس بلا لیا ہے۔ خانہ جنگی کے شکار ملک شام جہاں سینکڑوں فرانسیسی شہری آئی ایس یا داعش کے باغیوں کے ساتھ لڑنے کے لیے اپنا ملک چھوڑ کر گئے تھے وہاں اس دہشت گرد تنظیم نے نام نہاد''خلافت‘‘ قائم کرنے کی کوشش کی تھی۔
انسانی حقوق کے لیے سرگرم گروپوں نے پیرس حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ کم سے کم ان نابالغوں کو شام سے جلد گھر واپس لائے جنہیں ان کے والدین شام کے سب سے زیادہ تنازعہ میں گہرے علاقے میں رہنے کے لیے انہیں اپنے ساتھ لائے تھے یا یہ بچے لڑائی کےدوران وہاں پیدا ہوئے تھے۔
لیکن اندازوں کے مطابق شام میں کردوں کے زیر انتظام کیمپوں میں 300 فرانسیسی بچوں میں سے زیادہ تر اپنی ماں یا باپ کے ساتھ ہیں اور فرانس نے اصرار کیا ہے کہ ان فرانسیسی شہریوں کو مقامی انصاف فراہم کیا جانا چاہیے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ اس موقف سے فرانسیسی جنگجوؤں کے اہل خانہ کو غیر انسانی سلوک اور نفسیاتی صدمے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
دریں اثناء وزارت خارجہ نے پیر کے روز کہا کہ اس نے اپنی طرف سے کیے گئے اس آپریشن میں تعاون کرنے پر کرد رہنماؤں کا '' شکریہ‘‘ بھی ادا کیا ہے کیونکہ خاص طور پر ان کردوں علاقوں میں خطرناک صورتحال پیدا ہو چکی ہے، جہاں یہ بچے موجود تھے اور فرانسیسی حکام کو وہاں کے مقامی حکام نے اختیارات دیے کہ وہ ان بچوں کو وطن واپس بلا لیں۔‘‘
شمال مشرقی شام کے شہر الھول میں اندرون ملک بے گھر افراد کے لیے قائم تین کیمپوں میں تقریباً 12 ہزار غیر ملکی قیام پذیر ہیں جن میں چار ہزارخواتین اور 8 ہزار بچے شامل ہیں۔ امدادی گروپوں کا کہنا ہے کہ یہ افراد شدید غذائی قلت اور بیماریوں کا شکار ہیں۔
کرد عہدیداروں نے تمام ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شام میں زیر حراست اپنے شہریوں کو واپس لے جائیں۔ انہوں نے متنبہ کیا ہے کہ ان کے پاس غیرمعینہ مدت کے لیے قیدیوں کی حفاظت کے وسائل نہیں ہیں۔
دہشت گردی سے متعلق تجزیہ کاروں کے ایک یورپی تھنک ٹینک CAT کے مطابق، جنوری 2015ء میں پیرس میں دہشت گردانہ حملے کرنے والے تین افراد میں سے ایک کی ساتھی حیات بومیڈین سمیت 13 فرانسیسی جہادی شام کی قید سے فرار ہوچُکے ہیں۔
ک م / ع ا / ایجنسیاں