1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرانس میں تارکین وطن مزدوروں کے کیمپ میں آگ کیسے لگی؟

عاطف بلوچ، روئٹرز
17 دسمبر 2016

فرانس میں تارکین وطن مزدوروں کے ایک کیمپ میں آتش زدگی کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ یہ آتش زدگی ممکنہ طور پر مقامی رہائشیوں کے درمیان جھگڑے کا نتیجہ تھی۔

https://p.dw.com/p/2US02
Frankreich Brand Unterkunft für Migranten
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Bernatas

جمعرات کی شب فرانس کے بولانئے بِلانکور نامی علاقے میں واقع ایک چھ منزلہ عمارت میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔ آتش زدگی کی وجہ سے عمارت میں افراتفری پھیل گئی اور ایک شخص نے عمارت کی تیسری منزل سے چھلانگ دی۔ بتایا گیا ہےکہ یہ شخص اس واقعے میں ہلاک ہو گیا۔

فرانسیسی وزارت داخلہ نے اس واقعے میں کسی نسل پرستانہ عنصر کے خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آتش زدگی کی وجہ ممکنہ طور پر مقامی رہائشیوں کے درمیان جھگڑا تھی۔ مقامی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کا تعلق مالی سے تھا اور یہ اس جگہ پر گزشتہ چار برس سے رہائش پذیر تھا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس واقعے میں دیگر 12 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جب کہ عمارت کا مرکزی حصہ اور اسٹور روم تباہ ہو گیا، تاہم یہ آگ رہائشی کمروں تک نہیں پھیلی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد عمارت میں موجود قریب سو افراد کو بہ حفاظت نکال لیا گیا۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ جائے واقعہ سے ایندھن اور دیگر آتش گیر مواد کے نشانات ملے ہیں۔

Frankreich Brand Unterkunft für Migranten
آتش زدگی سے عمارت کا مرکزی دروازے والا حصہ تباہ ہو گیاتصویر: picture-alliance/dpa/J. Bernatas

بتایا گیا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں سے ایک شخص پر شبہ ہے کہ وہ اس آتش زدگی میں ملوث تھا۔ وہ بھی اسی عمارت کا رہائشی تھا جب کہ رہائشیوں کے درمیان کسی جھگڑے ہی کے تناظر میں اس نے عمارت کو آگ لگانے کی کوشش کی۔

فرانسیسی وزیراعظم بیرنار کیسنوو نے اس حوالے سے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں تارکین وطن کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔

فرانسیسی حکومت ملک کے متعدد علاقوں میں موجود تارکین وطن کی خیمہ بستیوں کو ختم کر رہی ہے اور تارکین وطن کو مستقل مہاجر کیمپوں میں منتقل کر رہی ہے۔ کچھ عرصے قبل شمالی فرانس میں واقع کیلے کی مہاجر بستی کو بھی خالی کرا لیا گیا تھا، جب کہ چند روز قبل پیرس کے نواح میں قائم سینٹ ڈینس کی ایک خفیہ بستی بھی خالی کرا لی گئی۔ حکام کے مطابق اس بستی میں زیادہ تر افغان، سوڈانی اور اریٹرین تارکین وطن موجود تھے۔