فرانس: چرچ کے نزدیک حملہ، کم از کم دو افراد ہلاک
29 اکتوبر 2020فرانسیسی میڈیا نے بتایا کہ جمعرات کی صبح نیس شہر میں ایک حملہ آور نے لوگوں پر چاقو سے حملہ کردیا جس میں کم از کم دو افراد ہلاک اور متعدد دیگرزخمی ہوگئے۔
نیس کے میئر کرسٹیان استروسی نے بتایا کہ مشتبہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انہو ں نے مزید بتایا کہ یہ بظاہر ایک دہشت گردانہ حملہ تھا جو شہر کے نوٹرے ڈیم چرچ کے پاس پیش آیا۔
اتروسی نے ٹوئٹر پر لکھا”میری نیس کے لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ اس علاقے میں آنے سے پرہیز کریں تاکہ پولیس اور ہنگامی خدمات سے وابستہ اہلکار اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔"
فرانسیسی نشریاتی ادارے یورپ 1 نے خبر دی ہے کہ ایک شخص نے متعدد افراد پر حملہ کردیا جس میں ایک خاتون سمیت دو افراد ہلاک ہوگئے۔
ابتدائی رپورٹوں میں تین شخص کے مرنے کی اطلاع دی گئی تھی۔
فرانسیسی وزیر داخلہ جیرالڈ ڈرامانن نے بتایا کہ پولیس نے علاقے کا محاصرہ کرلیا ہے اور کارروائی شروع کردی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ جلد ہی ایک ہنگامی میٹنگ کرنے والے ہیں۔
خیال رہے کہ یہ حملہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب پیرس میں اس ماہ کے اوائل میں ایک چیچین نزاد شخص کے ہاتھوں ایک فرانسیسی ٹیچرکے قتل کا معاملہ ابھی بھی کافی گرم ہے۔
ج ا /ص ز