1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فضائی کارروائی کے باوجود قذافی کے ٹینکوں کے منہ بند نہ ہو سکے

24 مارچ 2011

مغربی افواج جمعرات کو بھی معمر قذافی کی فورسز کے خلاف کارروائی جاری رکھے ہوئی ہیں تاہم اطلاعات کے مطابق وہ ابھی تک قذافی کی افواج کے ٹینکوں کی شیلنگ روکنے میں کامیاب نہیں ہوئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/10gZO
تصویر: AP

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق لیبیا میں معمر قذافی کی افواج کے خلاف عسکری آپریشن کے چھٹے روز کے بعد بھی کوئی خاص کامیابی نہیں ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ملک کے مغربی علاقے میں قذافی کے فوجی دستے ٹینکوں کے ساتھ اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ گزشتہ رات قذافی کے ٹینک مصراتہ کے اندر پہنچ کر شیلنگ کرتے رہے۔ اگرچہ گزشتہ روز اتحادی افواج کی فضائی کارروائی کے دوران حکومتی فوج نے باغیوں کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی لیکن جیسے ہی رات ہوئی تو حکومتی افواج نے کوئی موقع ہاتھ سے نہ جانے دیا۔

لیبیا کے تیسرے سب سے بڑے شہر مصراتہ کے مرکزی ہسپتال کے ایک ڈاکٹر نے خبررساں ادارے روئٹرز کو بتایا،’ حکومتی ٹینک ہسپتال کے قریب پہنچ کر شیلنگ کرتے رہے‘۔ متاثرہ علاقوں سے رابطہ ابھی تک کٹا ہوا ہے، اس لیے آزادانہ طور پر معلومات حاصل نہیں ہو پا رہی ہیں۔

Libya.jpg
شاہدین کے مطابق قذافی کےٹینک اپنی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیںتصویر: AP

دوسری طرف ایسی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں کہ دارالحکومت طرابلس میں ایک زور دار دھماکہ سنا گیا ہے۔ شاہدین نے بتایا ہے کہ جعمرات کی صبح طرابلس سے شعلے اٹھتے دیکھے گئے ہیں۔

دریں اثناء امریکی افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ لیبیا میں نو فلائی زون مؤثر طریقے سے کام کر رہا ہے اور قذافی کے ٹینکوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اس صورتحال میں قذافی نے ایسی خبروں کو مسترد کر دیا ہے کہ ان کی فوجیں حملے کر رہی ہیں۔ طرابلس حکومت کے بقول ان کے فوجیں صرف اپنا دفاع کر رہی ہے۔

طرابلس حکومت نے الزام عائد کیا ہے کہ مغربی افواج کی فضائی کارروائی کے نتیجے میں شہری ہلاکتیں ہو رہی ہے تاہم مغربی افواج نے ایسے تمام الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔

لیبیا پر عالمی برادری کی فضائی کارروائی کے بعد یہ بات قابل ذکر ہے کہ ابھی تک مغربی دفاعی اتحاد نیٹو اس بات پر متفق نہیں ہو سکا ہے کہ اس عسکری کارروائی کی کمان امریکہ سے لے لی جائے۔ عراق اور افغانستان میں فوجی مداخلت کے باعث امریکہ کی کوشش ہے کہ وہ لیبیا مشن سے اپنا مرکزی کردار نیٹو کو منتقل کر دے۔

نیٹو اس حوالے سے اپنے مذاکرات آج بھی جاری رکھے گا۔ اس وقت نیٹو کے رکن مسلم ملک ترکی کی طرف سے لیبیا میں نیٹو کی مداخلت پراعتراض اٹھایا جا رہا ہے۔ اسی وجہ سے گزشتہ تین روز سے اس حوالے سے ہونے والے مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں