1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فلسطین میں بھارتی سفیر اپنے دفتر میں مردہ پائے گئے

جاوید اختر، نئی دہلی
7 مارچ 2022

موکل آریہ نے گزشتہ برس ہی فلسطین میں بھارتی نمائندے کا چارج سنبھالا تھا۔ نوجوان سفارت کار کی اچانک موت نے بھارت میں صدمے کی لہر دوڑا دی ہے۔ فلسطینی اتھارٹی نے موت کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/486QQ
موکل آریہ فلسطینی وزیر اعظم کے ساتھ
موکل آریہ فلسطینی وزیر اعظم کے ساتھتصویر: Prime Minister Office/APA Images/ZUMA Wire/picture alliance

فلسطین میں بھارت کے سفیر موکل آریہ اتوار کے روز رملہ میں بھارتی مشن کے دفتر میں مردہ پائے گئے۔ بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے 36 سالہ آریہ کی اچانک موت پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔

سبرامنیم جے شنکر نے ٹوئٹ کرکے کہا، "وہ ایک بہترین اور باصلاحیت افسر تھے اور انہیں ابھی بہت کچھ کرنا تھا۔ ان کے خاندان اور اعزہ و اقارب کے ساتھ میری دلی تعزیت۔"

آریہ کی موت کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

بہت سے دیگر بھارتی عہدیدار، جنہوں نے آریہ کے ساتھ کام کیا تھا، بھی ان کی اچانک موت سے صدمے میں ہیں۔

اقوام متحدہ میں بھارت کے سفیر ٹی ایس تریمورتی نے آریہ کی موت پر اپنے تعزیتی بیان میں کہا، "یہ ایک حقیقی صدمہ ہے۔ غیر معمولی صلاحیت کا حامل ایک رفیق کار اتنی کم عمری میں ہمیں چھوڑ کر چلا گیا۔ان کے اہل خانہ کے ساتھ میری دلی تعزیت۔" 

خیال رہے کہ تریمورتی ماضی میں فلسطین میں بھارت کے نمائندے کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

فلسطینی اتھارٹی نے جانچ کا حکم دیا

اعلیٰ فلسطینی قیادت نے موکل آریہ کی ان کے دفتر میں موت پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ فلسطینی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ سفیر آریہ کی موت کی خبر سے انہیں "دلی تکلیف اورگہرا صدمہ " پہنچا ہے۔

فلسطین کی وزارت خارجہ نے بتایا کہ صدر محمود عباس اور وزیر اعظم محمد شتایہ نے سکیورٹی اور پولیس افسران نیز فارینزک ماہرین کو موکل آریہ کی رہائش گاہ پر جاکر صورت حال کا مکمل جائزہ لینے اور تفتیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام فریقین اس بات کے لیے پوری طرح تیار ہیں کہ ایسے مشکل حالات میں کیا کچھ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

فلسطینی وزارت خارجہ نے بیان میں مزید کہا کہ وہ لاش کو بھارت لے جانے کے لیے بھارتی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔

موکل آریہ کون تھے؟

موکل آریہ بھارتی دارالحکومت دہلی میں پیدا ہوئے اور یہیں تعلیم حاصل کی۔ صرف 23 برس کی عمر میں انڈین فارن سروس میں شامل ہونے سے قبل انہوں نے دہلی یونیورسٹی اور پھر جواہر لال نہرو یونیورسٹی سے تعلیم مکمل کی۔

انہوں نے کابل او ر ماسکو میں بھارتی سفارت خانوں میں سفار ت کار کے طور پر خدمات انجام دیں۔ انہیں پیرس میں یونیسکو کے دفتر میں بھارت کے مستقل نمائندے کے طورپر مقرر کیا گیا۔ بعد میں انہوں نے نئی دہلی میں وزارت خارجہ کے دفتر میں بھی کام کیا۔

 انہوں نے گزشتہ برس رملہ میں بھارتی مشن کا چارج سنبھالا تھا۔

خیال رہے کہ بھارت اقوام متحدہ کے ان 138 ملکوں میں سے ایک ہے جو فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرتے ہیں اور رملہ میں اپنے دفتر کے ذریعہ ان کی سفارتی موجودگی ہے۔

موکل آریہ کی موت پر فلسطین کے وزیر خارجہ ریاض المالکی نے اپنے بھارتی ہم منصب کے معرفت بھارت سرکار اور آریہ کے کنبے کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں