1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فلسطینی ریاست کے تنازعے پر یونیسکو کو امریکی دھمکی

27 اکتوبر 2011

امریکہ نے یونیسکو کو دھمکی دی ہے کہ اگر اقوام متحدہ کے اس ادارے میں فلسطینی انتظامیہ کو مکمل رکنیت دینے کے لیے ووٹنگ کرائی گئی تو واشنگٹن اس کی مالی مدد بند کر دے گا۔

https://p.dw.com/p/1300q
تصویر: dapd

واشنگٹن سے ملنے والی رپورٹوں میں امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان کے حوالے سے خبر ایجنسی اے ایف پی نے بتایا ہے کہ اگر اقوام متحدہ کے تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی ادارے UNESCO میں فلسطینی خود مختار انتظامیہ کو مکمل رکنیت دینے کے لیے رائے شماری کرائی گئی تو امریکہ کی طرف سے یونیسکو کو فنڈز کی فراہمی بند کر دی جائے گی۔

دفتر خارجہ کی ترجمان کے بقول واشنگٹن نے یونیسکو پر انفرادی اور دوطرفہ مشاورت میں واضح کر دیا ہے کہ اس تنظیم نے اگر فلسطینیوں سے متعلق کسی ووٹنگ کا راستہ اختیار کیا تو ’پھر اس کے نتائج بھی سامنے آئیں گے۔‘

ترجمان نے کہا کہ امریکی حکومت چاہتی ہے کہ یونیسکو کا ادارہ امریکی مالی امداد سے بھر پور فائدہ اٹھاتا رہے۔ تاہم یونیسکو پر یہ بھی واضح کر دیا گیا ہے کہ امریکہ میں کی گئی قانون سازی کے تحت ’چند سرخ لکیریں ایسی بھی ہیں، جنہیں عبور کرنے سے واشنگٹن کے لیے یونیسکو کی مدد کرتے رہنا انتہائی مشکل ہو جائے گا۔‘

Flash-Galerie Freilassung Gilad Schalit Soldat Israel
تصویر: APImages

اقوام متحدہ کے تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی ادارے یونیسکو کو اس کے سالانہ بجٹ کا قریب 22 فیصد حصہ امریکہ کی طرف سے مہیا کیا جاتا ہے۔ ابھی تک مؤثر امریکی قوانین کے مطابق اگر اقوام متحدہ کا کوئی ذیلی ادارہ فلسطینیوں کو مکمل رکنیت دیتا ہے تو واشنگٹن حکومت پابند ہے کہ ایسے کسی بھی عالمی ادارے کو فنڈز کی فراہمی بند کر دے۔

پانچ اکتوبر کو یونیسکو کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ایک اجلاس میں فلسطینیوں کو اس عالمی تنظیم کی مکمل رکنیت دینے کی منظوری دے دی گئی تھی۔ تب اجلاس میں شریک ملکوں میں سے 40 نے اس کی حمایت کی تھی اور چار نے مخالفت۔ کمیٹی کے رکن 14 ملکوں نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا تھا۔

پروگرام کے مطابق اب گزشتہ منگل سے شروع یونیسکو کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں فلسطینیوں کے لیے اس ادارے کی مکمل رکنیت کا معاملہ عام ووٹنگ کے لیے پیش کیا جائے گا۔ یونیسکو کا یہ اجلاس 10 نومبر تک جاری رہے گا۔ یونیسکو کی ایگزیکٹو کمیٹی کے فیصلے کے مطابق فلسطینیوں سے متعلق قرارداد کسی بھی وقت منظوری کے لیے پیش کی جا سکتی ہے۔ لیکن امریکی دھمکی کے بعد اب بظاہر یہ عمل قدرے مشکل ثابت ہو سکتا ہے۔

فلسطینی خود مختار انتظامیہ کی کوشش ہے کہ اقوام متحدہ میں اسے مکمل رکنیت دے دی جائے۔ ابھی تک ایسا ہوا نہیں ہے۔ امریکہ اور اسرائیل سمیت کئی ملک اس کے مخالف ہیں۔ اس لیے فی الحال اگر فلسطینیوں کو یونیسکو کی مکمل رکنیت ہی مل جائے تو وہ بھی ان کی ایک بڑی سفارتی کامیابی ہو گی۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں