1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فلسطینی ریاست، محمود عباس، سارکوزی، اسرائیل، Isreal, Palestine, Abbas, UN

20 اپریل 2011

فلسطینی صدر محمود عباس آج ُبدھ کو پیرس پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ یورپی رہنماؤں کے ساتھ اس سال ایک فلسطینی ریاست کے قیام کے امکانات پر بات چیت کریں گے۔

https://p.dw.com/p/10yV6
فلسطینی صدر محمود عباستصویر: AP

عباس کا یہ دورہ ایک ایسے وقت عمل میں آرہا ہے جب تنازعِہ مشرق وسطیٰ کے حل کے لیے اسرائیل اور فلسطین کے مابین امن مذاکرات جمود کا شکار ہیں اور فلسطینی کوشش کر رہے ہیں کہ اُن کی طرف سے یکطرفہ طور پر تسلیم شدہ فلسطینی ریاست کو اقوام متحدہ میں تسلیم کر لیا جائے۔

گزشتہ ہفتے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو ایک انٹر ویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ وہ پیرس میں اپنے فرانسیسی ہم منصب نکولا سارکوزی کے ساتھ ملاقات میں اُن سے اس بارے میں مشورہ لینا چاہیں گے کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کروانے کا بہترین طریقہ کار کیا ہونا چاہیے۔ عباس نے کہا تھا ’ ہم بہت اچھے دوست ہیں۔ اس لیے میں امید کرتا ہوں کہ سارکوزی ہمارے ساتھ تمام تر خلوص اور کُھلے دل سے بات کریں گے‘۔ عباس اور سارکوزی کی ملاقات جمعرات کو متوقع ہے۔

Palästinenser Russland Dmitri Medwedew bei Mahmoud Abbas in Jericho
محمود عباس اور دیمتری میدویدیف کی ملاقاتتصویر: AP

فلسطینی لیڈر کا پیرس کا دورہ اُن کی اُن سفارتی کوششوں کی ایک کڑی ہے جس کے تحت وہ حالیہ ہفتوں کے دوران برطانیہ، ڈنمارک اور روس کا دورہ کر چُکے ہیں۔ آئندہ ماہ، یعنی مئی میں، محمود عباس جرمنی کا دورہ بھی کریں گے۔

فلسطینی لیڈر اپنی تمام تر کوششیں کر رہے ہیں کہ وہ کسی صورت اقوام متحدہ سے1967 ء کے سرحدی معاہدے کے تحت فلسطینی ریاست، جس میں مغربی اُردن، غزہ اور مشرقی یروشلم شامل تھا، کو تسلیم کروا لیں۔ تاہم اسرائیل کی طرف سے اس معاملے کی بھرپور مخالفت کی جا رہی ہے اور امریکہ بھی اس پر سخت مدافعت کا اظہار کر رہا ہے۔ واشنگٹن نے یورپی ممالک کی طرف سے ایک حتمی امن معاہدے کی کوششوں کے طور پر پیش قدمی کی پیشکش، جس میں سرحد اور سکیورٹی جیسے تمام معاملات شامل ہیں، کی مخالفت بھی سامنے آئی ہے۔ سفارتکاروں کا کہنا ہے کہ اسی مقصد سے امریکہ مشرق وسطیٰ کے تنازعے کے حل کے لیے سرگرم چار فریقی گروپ کے اجلاس کو بھی ملتوی کر چکا ہے تاکہ اسرائیل فلسطین تنازع کے حل سے متعلق مذاکرات عمل میں نہ لائے جا سکیں۔

Nicolas Sarkozy Treffen der G-20-Staaten Frankreich
فلسطینی صدر جمعرات کو پیرس میں فرانسیسی صدر سارکوزی سے ملاقات کریں گےتصویر: AP

امریکہ کی طرف سے ان مذاکرات کو ملتوی کرنے کا عمل، جسے عباس نے ایک افسوسناک امر قرار دیا تھا، فلسطینیوں کے لیے امریکہ کی جانب سے مایوسی کی تازہ ترین وجہ بنی۔ فلسطینی صدر محمود عباس سال رواں کے اوائل میں امریکہ کی طرف سے فلسطینی علاقوں میں یہودی آبادکاری کی مذمت کے بعد سے کافی امید لگائے ہوئے تھے کہ واشنگٹن فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے اقوام متحدہ کی قرارداد کی حمایت کرے گا۔

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں