1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فلم فیسٹیول میں بوسہ، ایرانی اداکارہ کی معذرت

عاطف توقیر24 مئی 2014

ایرانی اداکارہ لیلیٰ حاتمی نے جمعے کے روز کان فلم فیسٹیول کے موقع پر اس فیسٹیول کے سربراہ کو گال پر بوسہ دینے پر معذرت کی ہے۔ ان کے اس عمل پر ایران میں شدید تنقید کی گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/1C617
تصویر: Getty Images

ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق حاتمی نے جمعے کے روز ایک بیان میں معافی مانگی ہے۔ حاتمی نے کان فلم فیسٹیول کی ایک تقریب میں اس فلمی میلے کے سربراہ کو گال پر بوسہ دیا تھا۔ جس پر ایرانی حکام نے سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا۔

اپنے بیان میں لیلیٰ حاتمی کا کہنا تھا، ’’مجھے سخت افسوس ہے کہ میں کئی افراد کے احساسات کو ٹھیس پہنچانے کا باعث بنی۔‘‘

ایرانی سنیما آرگنائزیشن کے نام اپنے خط میں حاتمی نے کہا کہ وہ عوامی سطح پر برتاؤ کے حوالے سے اسلامی احکامات کا احترام کرتی ہیں، مگر فیسٹیول کے صدر 83 سالہ گیلز جیکوب کے موقع پر ان سے بھول ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کی وجہ جیکوب کو معمر ہونا تھا۔

Frankreich Film Filmfestival Cannes 2014 Gilles Jacob
لیلیٰ حاتمی نے جیکوب کو گال پر بوسہ دیا تھاتصویر: FDC

اپنے بوسے کی وضاحت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا، ’’میرا ہاتھ ملانے کا غیر سوچا سمجھا عمل بے ثمر تھا۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’گو کہ مجھے یہ وضاحت پیش کرتے ہوئے سخت شرمندگی ہو رہی ہے، تاہم میرے پاس یہ تفصیلات بتانے کے علاوہ اور کوئی راستہ بھی نہیں، تاکہ لوگ یہ سمجھ سکیں کہ میں کس صورت حال میں گرفتار ہو گئی تھی۔‘‘

ارنا کے مطابق انہوں نے مزید لکھا، ’’میری نگاہوں میں یقینی طور پر وہ عمر رسیدہ اور میرے دادا جیسے تھے اور وہ میرے میزبان بھی تھے۔‘‘

واضح رہے کہ ایرانی میڈیا پر ایک فوٹو سامنے آیا تھا، جس میں حاتمی رواں ماہ کے آغاز پر کان فلم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں جیکوب کو بوسہ دیتی دکھائی دیتی ہیں۔

اس بارے میں اتوار کے روز ایرانی نائب وزیر برائے ثقافت حسین نوشابادی نے کہا تھا، ’’وہ لوگ جو بین الاقوامی تقریبات میں شرکت کرتے ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ ایرانیوں کے احترام اور تکریم کا خیال رکھیں، تاکہ دنیا بھر میں ایرانی عورت کا غلط تاثر پیدا نہ ہو۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ ایرانی عورت عزت اور معصومیت کی علامت ہے اور حاتمی نے اس میلے میں غلط انداز میں شرکت کی اور ان کا عمل مذہبی اقدار کی ترجمانی نہیں کرتا۔