فوکس واگن کی ’لاڈلی بیٹل‘ کی کہانی مختلف ادوار میں
اڈولف ہٹلر کے دور میں بننے والی فوکس واگن نے جرمنی کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ فوکس واگن کے ماڈل بیٹل کی پیداوار ختم کرنے سے قبل اس کے دو خصوصی ماڈل بنائے جائیں گے۔ بیٹل کے تاریخی سفر پر ایک نظر۔
ہٹلر کی خواہش
سن انیس سو تیس میں نازی لیڈر اڈولف ہٹلر نے فرڈیننڈ پورشے کو یہ ذمہ داری سونپی کہ ایک ’فوکس واگن‘ یعنی عوامی کار تیار کی جائے جو لوگوں کی قوت خرید کے مطابق ہو۔ گاڑی کی ساخت ایسی ہو جس میں افراد اپنا سفری سامان بھی رکھ سکیں۔ پورشے نے تب دو دروزاوں والی ایک گاڑی کا خیال پیش کیا جس کا انجن پچھلی جانب تھا۔ ابتدا میں اس کار کو چھوٹے پیمانے پر بنایا گیا۔
بیٹل کا عروج
فوکس واگن کی فیکٹری میں سن 1955 تک یعنی دوسری جنگ عظیم کے خاتمے کے ایک عشرے کی اندر ہی لاکھوں کاریں تیار ہو چکی تھیں۔ ’بیٹل‘ کے مختصر نام سے مشہور ہونے والی یہ گاڑیاں نہ صرف جرمنی بلکہ دنیا بھر میں بے حد مقبول ہوئیں۔
عالمی سطح پر مقبول
فوکس واگن کی فیکٹری میں سن 1955 تک یعنی دوسری جنگ عظیم کے خاتمے کے ایک عشرے کی اندر ہی لاکھوں کاریں تیار ہو چکی تھیں۔ ’بیٹل‘ کے مختصر نام سے مشہور ہونے والی یہ گاڑیاں نہ صرف جرمنی بلکہ دنیا بھر میں بے حد مقبول ہوئیں۔
فلم سے گیراجوں تک
امریکا میں بیٹل کو نازی دور سے تعلق رکھنے کے باعث پذیرائی ذرا دیر سے ملی۔ لیکن سن 1960 میں فلم ’دی لوو بَگ‘ میں اسے اپنے دماغ سے کام کرنے والی کار کے طور پر دکھایا گیا جس کے بعد اسے امریکی شہریوں کے دلوں میں بھی جگہ ملی اور گیراجوں میں بھی۔
’دی بیٹل اِز بیک‘
امریکا میں بیٹل کی فروخت ستّر کے عشرے میں بہت بڑھی لیکن سن 1979 میں اس کی امریکا میں پروڈکشن بند کر دی گئی۔ اس وقت تک اسے میکسیکو اور لاطینی امریکا سمیت دنیا پھر میں بنایا جا رہا تھا۔ نوّے کے عشرے میں فوکس واگن کمپنی نے فیصلہ کیا کہ بیٹل کو امریکا میں ایک بار پھر لانچ کیا جائے۔ بیٹل کو نئے ڈیزائن اور ’نیو بیٹل‘ کے نام سے امریکا میں سن انیس سو اٹھانوے میں دوبارہ متعارف کرایا گیا۔
قدیمی بیٹل کو خدا حافظ
نیو بیٹل کی امریکا میں زبردست پذیرائی کے بعد اس کے اولین ماڈل کی مانگ میں کمی ہوتی گئی اور پھر اس کی پروڈکشن ختم ہو گئی۔ تیس جولائی سن 2003 کو جب میکسیکو میں اس ماڈل کی آخری کار تیار کی گئی تو اس وقت تک دنیا بھر میں بیٹل کی 21,500,000 گاڑیاں تیار ہو چکی تھیں۔ آخری بننے والی قدیمی بیٹل کو الواداعی تقریب کے بعد جرمنی میں فوکس واگن کے ہیڈ کوارٹر وولفس برگ بھیجا گیا۔
دلوں میں ہمیشہ بسنے والی بیٹل
فوکس واگن نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ سن 2019 میں بیٹل کی پروڈکشن بند کر دی جائے گی۔ تاہم یہ کار اپنے تمام تر وقار اور تاریخی حیثیت کے باعث اپنے مداحوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔