1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹ بال کے عالمی ادارے کے حکام رشوت کی زد میں

Ali Amjad30 نومبر 2010

سن 2018 اور سن 2022 کے لئے دنیا کے مقبول ترین کھیل فٹ بال کے عالمی کپ کی میزبانی کی ووٹنگ میں شریک تین اہلکاروں کوسابقہ ووٹنگ کے عمل میں رشوت کے الزامات کا سامنا ہے۔

https://p.dw.com/p/QLmW
فیفا اجلاس میں ادارے کے صدر: فائل فوٹوتصویر: AP

تینوں افراد کا تعلق فٹ بال کے عالمی نگران ادارے کے ایگزیکٹو رینک سے ہے۔ ان افراد کو مختلف اوقات میں لاکھوں ڈالر فراہم کیے گئے تھے۔ سامنے لائے گئے شواہد کے مطابق ان اہلکاروں میں نکولس لیوز (Nicolas Leoz)، عیسیٰ حیاتو (Issa Hayatou) اور برازیل کے ریکارڈو ٹیکزیرا (Ricardo Teixeira) کے نام شامل ہیں۔ ان عہدیدارون پر الزمات کی تفصیلات برطانوی نشریاتی ادارے کے ایک پروگرام میں پیش کی گئیں۔ الزامات کی صحت کے حوالے سے عہدے داروں یا کھیل کے نگران ادارے فیفا (FIFA) کی جانب سے کوئی پریس ریلیز جاری نہیں کی گئی ہے۔

برطانوی ادارے نے یہ بھی بتایا ہے کہ فیفا کے ان تین بڑے عہد داران کو مختلف اوقات میں ایک سو ملین ڈالر کی خطیر رقم فراہم کی گئی تھی۔ ایک چوتھے اہلکار کے بارے میں انکشاف کیا گیا کہ وہ عالمی مقابلوں میں ٹکٹوں کی فروخت کے دھندے میں غیر قانونی انداز میں شریک ہو چکا ہے۔ تینوں اہلکاروں کو فراہم کی جانے والی مبینہ رقوم کھیلوں کی مارکیٹنگ کرنے والی کمپنی انٹزنیشنل اسپورٹس اینڈ لیژر (ISL) کی جانب سے سن 1989 سے سن 1999کے درمیان دی گئی تھیں۔ سن 2001 میں یہ کمپنی دیوالیہ ہو کر اپنے منطقی انجام کو پہنچ چکی ہے۔ اسی کمپنی کے ایک سابق اکاؤنٹ منیجر رولینڈ بوئشیل نے بھی اس شک کا اظہار کیا ہے کہ کمپنی کے اندر یہ تاثر پایا جاتا تھا کہ فیفا اہلکاروں کو پرکشش رشوت دی گئی ہے۔

Fußball Afrika Cup Finale Ägypten – Ghana Pokalübergabe
تصویر میں عیسیٰ حیاتو، دائی جانبتصویر: picture alliance / empics

اس مناسبت سے برطانوی نشریاتی ادارے کو ملک کے اندر خاصی تنقید کا سامنا ہے کیونکہ جمعرات دو دسمبرکو اگلے عالمی مقابلوں کے میزبان ممالک کے ناموں کے لیے ووٹنگ طے ہے۔ انگلینڈ کی جانب سے فٹ بال ورلڈ کپ کی پیشکش کرنے والی کمیٹی کے سربراہ اینڈی اینسن کا کہنا ہے کہ پروگرام کو نشر کرنے کے لئے وقت کا انتخاب مناسب نہیں تھا۔ ان کے خیال میں اس رپورٹ سے ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین کے دلوں میں میل پیدا ہونے کا قوی امکان ہے۔

فیفا کی ایگزیکٹو کمیٹی نے طے کرنا ہے کہ سن 2018 اور سن 2022 میں عالمی کپ کی میزبانی کن ملکوں کو تفویض کی جائے گی۔ اس حوالے سے سن 2018 کے لئے لندن بھی ایک امیدوار ہے۔ لندن کے علاوہ روس، مشترکہ طور پر پرتگال اسپین، بیلجیئم اور ہالینڈ بھی فٹ بال کے عالمی کپ کی میزبانی کے خواہشمند ہیں۔

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے اس رپورٹ کے حوالے سے چان بین کا عندیہ دیا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: افسر اعوان


اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں